سیتا پور میں مسجد پر بلڈوزر چلایا گیا
سیتا پور، یکم اپریل:۔ (ایجنسی) اتر پردیش کے ضلع سیتاپور کی تحصیل لہرپور میں ضلع انتظامیہ نے مسجد سید حضرت عمر فاروق کو بلڈوزر کے ذریعہ منہدم کردیا۔ انتظامیہ کے مطابق مسجد تالاب اور قبرستان کی زمین پر 12 سال قبل تعمیر کی گئی تھی۔ انہدامی کارروائی کیلئے 8 جے سی بی مشینیں استعمال کی گئیں اور بھاری پولیس فورس کی موجودگی میں پیر کی صبح تقریباً 5 بجے انہدامی عمل شروع کیا گیا۔ انتظامیہ کی اس کارروائی سے عوام میں سخت غم و غصہ کا ماحول پایا جارہا ہے۔ اطلاع کے مطابق لہَرپور کے جوشی تال چنگی روڈ کے قریب ’نیا گاؤں بہیٹی‘ میں واقع سید حضرت عمر فاروق مسجد گرام سماج کی زمین (کھاتہ نمبر 247) پر بنائی گئی تھی، جس کے خلاف مقدمہ تحصیلدار عدالت میں دائر کیا گیا تھا۔ اس تعلق سے انتظامیہ نے ایک نوٹس بھی جاری کیا تھا۔ بعد ازاں تحصیل انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے مسجد کو شہید کر دیا۔حکام کے مطابق مسجد کو ہٹانے کیلئے کئی بار نوٹس جاری کئے گئے تھے تاہم، متعلقہ فریق کی جانب سے کوئی پہل نہ ہونے پر ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر راجا گنپتی آر نے سخت قدم اٹھانے کی ہدایت دی۔
