ہومNationalابھیشیک بنرجی سونالی خاتون سے ملاقات کریں گے

ابھیشیک بنرجی سونالی خاتون سے ملاقات کریں گے

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

حکومت ہند نے بنگلہ دیش ملک بدر کر دیاتھا؛ رام پورہاٹ میڈیکل کالج میں صحت مند بیٹے کو جنم دیا

نئی دہلی، 5 جنوری (یو این آئی) ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے پیر کو بیر بھوم کے ایک اسپتال میں سونالی خاتون کے ہاں صحت مند بیٹے کی پیدائش کو ’’انسانیت کی فتح‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس مبینہ ناانصافی کے پس منظر میں اور بھی اہم ہو جاتا ہے، جس کے تحت خاتون کو بنگلہ دیش ملک بدر کر دیا گیا تھا۔ابھیشیک بنرجی نے اپنے واٹس ایپ چینل پر جاری بیان میں کہا کہ ’’مجھے یہ جان کر بے حد خوشی اور دلی تسلی ہوئی ہے کہ سونالی خاتون نے بیر بھوم کے رام پورہاٹ میڈیکل کالج میں ایک صحت مند بیٹے کو جنم دیا ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ اس لیے اور زیادہ معنی خیز ہے کیونکہ سونالی خاتون کو وطن واپسی سے قبل شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ سال 3 دسمبر کو سپریم کورٹ نے ایک حاملہ بنگالی خاتون سونالی اور اس کے نو سالہ بچے کو بنگلہ دیش سے ہندوستان واپس لانے کا حکم دیا تھا۔ سونالی خاتون کو جون کے مہینے میں دہلی کی ایک جھگی بستی میں پولیس کارروائی کے دوران حراست میں لے کر بنگلہ دیش ملک بدر کر دیا گیا تھا۔ابھیشیک بنرجی نے الزام لگایا کہ مغربی بنگال کی رہنے والی خاتون کو جھوٹے طور پر بنگلہ دیشی شہری قرار دے کر حاملہ ہونے کے باوجود زبردستی ملک بدر کر دیا گیا۔انہوں نے اس واقعے کو آئینی اقدار کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ انسانی وقار کی پامالی ہے، جس کا سامنا کسی بھی شہری کو، بالخصوص ایک حاملہ ماں کو، نہیں کرنا چاہیے۔‘‘ابھیشیک بنرجی نے سونالی خاتون کے حوصلے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس کٹھن آزمائش کے دوران ’’غیر معمولی جرات اور ثابت قدمی‘‘ کا مظاہرہ کیا۔مسٹر بنرجی نے ذاتی طور پر ملاقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’کل اپنے دورۂ بیر بھوم کے دوران میں سونالی اور ان کے نوزائیدہ بچے سے اسپتال میں ملاقات کر کے نیک تمناؤں کا اظہار کروں گا۔ میری دعائیں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔‘‘سونالی خاتون کے معاملے پر مغربی بنگال میں شدید سیاسی ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے شہریت کی تصدیق اور ملک بدری سے متعلق معاملات میں مرکزی ایجنسیوں پر زبردستی اور من مانی کے الزامات عائد کیے ہیں۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہندوستانی شہریت سے متعلق دستاویزات موجود ہونے کے باوجود خاتون کو سرحد پار بھیج دیا گیا۔اس واقعے نے شہریت کی سخت جانچ کے تناظر میں ہندوستانی شہریوں، بالخصوص کمزور خواتین کی مبینہ غلط حراست اور ملک بدری پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ٹی ایم سی نے اس معاملے میں جوابدہی طے کرنے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔رام پورہاٹ میڈیکل کالج کے ڈاکٹروں کے مطابق ماں اور نوزائیدہ بچہ دونوں کی حالت مستحکم ہے۔ ’جوئے بنگلہ‘ کے نعرے کے ساتھ اپنے بیان کا اختتام کرتے ہوئے مسٹر بنرجی نے کہا کہ یہ پیدائش ناانصافی کے مقابلے امید اور انسانیت کی جیت کی علامت ہے، اگرچہ اس مبینہ ملک بدری کے واقعے کی ذمہ داری پر اب بھی سوالات قائم ہیں۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version