پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری اور آلودگی میں کمی آنے کی توقع
نئی دہلی، 8 فروری:۔ (ایجنسی)دہلی میں اتوار کو تاریخی رام لیلا میدان سے 500 نئی الیکٹرک بسوں کو شروع کر دیا گیا، جو دارالحکومت کی پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید موثر اور ماحول دوست بنائیں گی۔ یہ بسیں دہلی میں الیکٹرک بسوں کی مجموعی تعداد تقریباً 4000 تک لے جائیں گی۔ نئی بسوں کے آغاز سے دہلی اور ہریانہ کے درمیان بین ریاستی رابطے بھی بہتر ہوں گے۔ دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن پہلے ہی این سی آر کے کئی شہروں میں الیکٹرک بسیں چلا رہی ہے، اور کشمیری گیٹ سے اتر پردیش کے بڑوت اور ہریانہ کے سونی پت اور دھاروہیڑہ تک ای وی بس سروس بھی شروع کی گئی ہے۔ وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق، نئی بسوں سے مسافروں کو زیادہ سہولت میسر آئے گی اور آلودگی میں کمی کی کوششیں تیز ہوں گی۔ حکومت کا مقصد 2028 تک دارالحکومت میں 14,000 بسیں چلانا ہے۔ دہلی میں میٹرو نیٹ ورک بھی تقریباً 400 کلومیٹر تک پہنچ چکا ہے، جبکہ ای وی رکشا پالیسی، پنک کارڈ اسکیم اور این سی ایم سی کارڈ کے تحت شہری سہولیات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدامات دارالحکومت کو جدید، صاف اور پائیدار پبلک ٹرانسپورٹ کے معیار پر لے جانے کی سمت میں اہم قدم ہیں۔
