نئی دہلی، 2 اپریل (یو این آئی) حکومت نے جمعرات کے روز راجیہ سبھا کو بتایا کہ شہری اور دیہی علاقوں کے 1,320 طلبہ نے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے ینگ سائنٹسٹ پروگرام (یویکا) سے فائدہ اٹھایا ہے۔وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسرو کا ایک ماہ کا خصوصی پروگرام ہے، جو درجہ 9 کے طلبہ کے لیے مفت ہے۔ اس کا مقصد طلبہ میں خلائی سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق میں دلچسپی پیدا کرنا ہے۔ یہ راکٹ لانچ، سٹیلائٹ، اور ایس ٹی ای ایم (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، اور ریاضی) کی تعلیم پر توجہ مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام 2019 میں شروع کیا گیا تھا اور اس کے پانچ ایڈیشن میں 1,320 طلبہ، لڑکے اور لڑکیاں دونوں کا اندراج ہوا ہے۔ یہ پروگرام اسکول کی موسم گرما کی چھٹیوں کے دوران چلایا جاتا ہے۔ کووڈ-19 کی عالمی وباء کی وجہ سے یہ پروگرام دو سال کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔مرکزی وزیر نے کہا کہ یہ پروگرام فی الحال ملک بھر میں سات مراکز سے چلایا جا رہا ہے، اور دو مزید مراکز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیہی اور بالخصوص پنچایت سطح کے اسکولوں کے بچوں کو ترجیح دی جاتی ہے۔ پروگرام کے دوران طلبہ کو قومی لیبارٹریوں میں لے جایا گیا اور خلائی پروگراموں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ رہائشی سہولت کے پروگرام کی تکمیل کے بعد انہیں سرٹیفکیٹ ملتا ہے۔
