جمعرات کو بھی ملک کے8 ایئرپورٹس پر 100 سے زائد فلائٹس متاثر
نئی دہلی، 4 دسمبر:۔ (ایجنسی)
بنگلورو، ممبئی، دہلی، احمد آباد، اندور، حیدرآباد، سورت اور کولکاتا سمیت ملک کے 8 بڑے ایئرپورٹس سے بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق، بنگلورو میں 42، ممبئی میں 33، دہلی میں 38، احمد آباد میں 25، اندور میں 11، حیدرآباد میں 19، سورت میں 8 اور کولکاتا میں 10 فلائٹس متاثر ہوئیں۔ شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے) نے بدھ کو ملک کی سب سے بڑی ایئر لائن انڈیگو (IndiGo) کی پروازوں کی منسوخی اور آن ٹائم پرفارمنس (OTP) کے بارے میں ایک تفصیلی اپ ڈیٹ جاری کیا۔ ریگولیٹر نے تصدیق کی کہ وہ اس معاملے کی جانچ کر رہا ہے اور اس نے ایئر لائن کو ٹھوس حفاظتی اقدامات کے ساتھ پوری جانکاری دینے کے لیے بلایا ہے۔ انڈیگو کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایئر لائن نے نومبر میں 1,232 پروازیں منسوخ کیں۔ ان میں سے 755 پروازیں رد ہونے کی وجہ عملہ اور فلائٹ ڈیوٹی ٹائم لمیٹیشن (FDTL) کی دقتیں تھیں۔ 92 پروازیں اے ٹی سی سسٹم کی گڑبڑی کی وجہ سے، 258 پروازیں ہوائی اڈے اور فضائی حدود کی پابندیوں کی وجہ سے اور 127 دیگر مختلف وجوہات کی وجہ سے منسوخ ہوئیں۔ڈی جی سی اے نے کہا کہ رکاوٹوں کی وجوہات میں سے ایک بڑی وجہ آپریٹر کے براہ راست کنٹرول سے باہر عوامل تھے، بشمول اے ٹی سی سے متعلق تاخیر اور مخصوص ہوائی اڈوں پر صلاحیت کی پابندیاں وغیرہ۔ اس کا اثر انڈیگو کے وقت کی پابندی کے ریکارڈ پر صاف نظر آیا۔ ائیرلائن کا آن ٹائم پرفارمنس اکتوبر میں 84.1 فیصد سے گھٹ کر نومبر میں 67.70 فیصد ہو گیا، جو اس کی ماہ بہ ماہ کی سب سے بڑی گراوٹ ہے۔ اے ٹی سی کی وجہ سے ہوئی دیری کل تاخیر کا 16 فیصد ہے، اس کے بعد عملے کے آپریشنز (6 فیصد)، ہوائی اڈے کی سہولت کے مسائل (3 فیصد)، اور دیگر عوامل (8 فیصد) شامل ہیں۔ایوی ایشن ریگولیٹر نے کہا کہ اس نے انڈیگو کو نظرثانی شدہ ایف ڈی ٹی ایل ضوابط لاگو کرنے میں آسانی کے لیے مزید وضاحتیں جاری کی ہیں۔ ان ضوابط پر خاص توجہ اس لیے دی جا رہی ہے کیوں کہ ایئر لائنس عملے کی تھکاوٹ کے پیش نظر نظام الاوقات کو ایڈجسٹ کر رہی ہے۔ ڈی جی سی اے نے بھی تصدیق کی کہ وہ پروازوں کی منسوخی کو کم کرنے اور وقت کی پابندی کو بہتر بنانے کے لیے ایئر لائن کے ساتھ مزید اقدامات پر غور کر رہا ہے۔اسی بیچ تلنگانہ کے حیدرآباد میں انڈیگو کی پروازوں کی نقل و حرکت میں تاخیر کی وجہ سے راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر افراتفری کا ماحول دیکھا گیا۔
