نریندر مودی کے وزیر اعظم کی حلف برداری کا جشن اندور کے بی جے پی کارکنان نے کچھ اس انداز سے منایا کہ پارٹی کا دفتر ہی جلا ڈالا۔ ہوا یوں کہ حلف برداری کا جشن مناتے ہوئے کارکنان آتش بازی کر رہے تھے کہ پارٹی دفتر میں زبردست آگ لگ گئی۔ اس کے بعد فوری طور پر فائر بریگیڈ کو بلایا گیا جس نے آکر آگ پر قابو پایا۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ کے مطابق کل شام این ڈی اے حکومت کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر بی جے پی دیپالپور کے ایم ایل اے منوج پٹیل اور کارکنوں کے پٹاخے پھوڑنے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کے دفتر کی چوتھی منزل پر آگ لگ گئی۔ یہ واقعہ رات 9:15 کے قریب جاورا کمپاؤنڈ میں واقع بی جے پی کے دفتر میں اس وقت پیش آیا، جب کارکن حلف برداری کی تقریب کا جشن منا رہے تھے اور راکٹ (ایک قسم کا پٹاخہ) فائر کر رہے تھے۔ لیکن اس دوران راکٹ پھٹنے سے چوتھی منزل پر آگ بھڑک اٹھی۔ پولیس اور فائر بریگیڈ نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔ عمارت کی دوسری منزلوں تک پہنچنے سے پہلے آگ پر قابو پا لیا گیا۔
فائر بریگیڈ کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر روانہ کردی گئیں۔ ان میں سے دو گاڑیوں نے ایک گھنٹے میں آگ پر قابو پا لیا۔ آگ کو مکمل طور پر بجھانے کے لیے 30 ہزار لیٹر سے زائد پانی کا استعمال کیا گیا۔ بی جے پی کے دفتر میں آگ لگنے کی وجہ سے ویسٹ ڈسکام نے دو فیڈروں پر بجلی کی سپلائی بند کردی۔ ویسٹ ڈسکام کے حکام نے بتایا کہ چونکہ جائے وقوعہ جاورا کمپاؤنڈ میں عمارت کے قریب سے گزرنے والی 11 کے وی پاور لائن کے قریب تھا، اس لیے آگ کی وجہ سے بجلی کی خرابی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر سپلائی کو بند کر دیا گیا، جسے بعد میں بحال کر دیا گیا۔