National

’مودی حکومت نے شہیدوں کے کنبوں کو بے سہارا کرنے کا گناہ کیا‘، شہید اگنی ویر کے کنبہ سے راہل گاندھی نے کی ملاقات

96views

راہل گاندھی نے گزشتہ روز (29 مئی) شہید اگنی ویر اجئے سنگھ کے کنبہ سے ملاقات کی تھی، جس کی ویڈیو آج انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی ہے۔ 6.39 منٹ کی اس ویڈیو میں راہل گاندھی شہید اگنی ویر اجئے سنگھ کے والدین اور دیگر افراد سے ملاقات کر ان کا دُکھ درد بانٹتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ساتھ ہی وہ وعدہ کرتے ہیں کہ انڈیا بلاک کی حکومت بننے پر اس اگنی ویر اسکیم کو ختم کر دیا جائے گا۔

اس ویڈیو کے ساتھ راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’کل شہید اگنی ویر اجئے سنگھ کے کنبہ سے ملاقات ہوئی۔ بہادر شہید کے کنبہ کے آنسوؤں کو دیکھ کر ہر ہندوستانی کا دل بھر آئے گا۔ فوج کی وردی پہننے کا جذبہ لیے صبح سویرے اٹھ کر محنت کرنے والے اجئے مستقل طور پر فوج میں شامل ہو کر ملک کی خدمت کرنا چاہتے تھے، لیکن نریندر مودی نے ان کے خوابوں کو توڑ کر انھیں اگنی ویر بنا دیا، اور جب انھوں نے اپنی جان کی قربانی دی تو حکومت نے ان کے کنبوں کو بے سہارا چھوڑ دیا۔‘‘

اس پوسٹ میں راہل گاندھی یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’نریندر مودی اور بی جے پی حکومت نے شہیدوں اور ان کے کنبوں کو بے سہارا کرنے کا گناہ کیا ہے، جس کے لیے ملک انھیں کافی معاف نہیں کرے گا۔ انڈیا بلاک کی حکومت اگنی ویر اسکیم کو منسوخ کر سبھی کے لیے یکساں حقوق اور احترام یقینی بنائے گی۔ یہی اگنی ویر اجئے سنگھ اور ملک کے لیے شہید ہونے والے بہادوں کو سچی عقیدت ہوگی۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی لگاتار اپنی تقریروں میں اگنی ویر اسکیم ختم کرنے کا وعدہ کر رہے ہیں۔ آج پنجاب میں بھی انھوں نے انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ عزم ظاہر کیا کہ انڈیا بلاک کی حکومت بنتے ہی اگنی ویر اسکم کو منسوخ کر دیا جائے گا۔ پنجاب کے ایس ایس بی نگر میں انھوں نے کہا کہ ’’ملک کی سیکورٹی اور نوجوانوں کے مستقبل کے لیے اگنی ویر منصوبہ ٹھیک نہیں ہے۔ ہم اگنی ویر منصوبہ کو ختم کر دیں گے۔‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.