
نئی دہلی، 16 جنوری (یو این آئی) وزارت دفاع نے تقریباً 2960 کروڑ روپے کی لاگت سے بحریہ کے لیے درمیانے فاصلے کی سطح سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کی فراہمی کے لیے بھارت ڈائنامکس لمیٹڈ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔وزارت دفاع نے آج یہاں کہا کہ اس معاہدے پر وزارت دفاع اور بی ڈی ایل کے افسروں نے دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ کی موجودگی میں دستخط کئے۔یہ میزائل سسٹم ہندوستانی بحریہ کے کئی جنگی جہازوں پر ایک معیاری فٹ ہے اور مستقبل میں اس کے حصول کیلئےبنائے گئے زیادہ تر پلیٹ فارمز پر تعینات کیے جانے کا منصوبہ ہے۔ یہ معاہدہ ہندوستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور جدید فوجی ٹیکنالوجی کو مقامی بنانے کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔یہ میزائل سسٹم بی ڈی ایل کی طرف سے ‘خرید ( ہندوستانی ) زمرے کے تحت فراہم کیا جائے گا جس میں ‘آتم نر بھر بھارت پر زور دیا جائے گا، جس میں بڑے پیمانے پر مقامی سازوسامان موجود ہوگا۔
