فلائٹس ڈائیورٹ، ہزاروں مسافر پھنسے، کل اسکول و کالج بند
ممبئی، 26 ستمبر (اے یوایس) ملک کی اقتصادی راجدھانی ممبئی میں بارش جم کر تباہی مچا رہی ہے۔ آسمانی آفت نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ ممبئی میں موسلادھار بارش کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئی ہیں۔ ممبئی کی لائف لائن کہی جانے والی لوکل ٹرین سروس بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ دوسری جانب ایئرپورٹ کی حالت بھی خراب ہے۔ خراب موسم کی وجہ سے فضائی خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ کچھ پروازوں کو ڈائیورٹ کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات (IMD) نے 26 ستمبر کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے الرٹ کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ جمعرات کو سبھی اسکول اور کالج بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مقامی انتظامیہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ممبئی میں بدھ کو موسلا دھار بارش شروع ہو گئی، جس کی وجہ سے شہر میں کئی مقامات پر پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ لوکل ٹرین سروس بری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔ خاص طور پر ودیا وہار اور مولنڈ کے درمیان لوکل ٹرین سروس کافی متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے لاکھوں مسافر جگہ جگہ پھنسے ہوئے ہیں۔ گھر تک پہنچنے کے لیے ان کی جدوجہد جاری ہے۔سنٹرل ریلوے کے ترجمان نے بتایا کہ بھانڈوپ میں اپ اور ڈاؤن لائنوں پر ٹرینوں کا آپریشن بھی متاثر ہوا ہے۔ اس کے علاوہ کنجورمارگ اور وکھرولی کے درمیان اپ اور ڈاؤن لائنوں پر 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹرینیں چلانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ بتادیں کہ موسلا دھار بارش سے ریلوے ٹریک پر بھی پانی بھر گیا ہے۔ممبئی میں مسلسل موسلادھار بارش کی وجہ سے دو پروازوں کو ڈائیورٹ کرنا پڑا جب کہ 7 دیگر پروازوں کو ٹیک آف سے روک دیا گیا ہے۔ ممبئی میں بدھ کی دوپہر سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ کئی مقامات پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ مختلف راستوں پر سینکڑوں گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی ہیں۔