National

کلیم صدیقی تبدیلی مذہب معاملہ

67views

خصوصی سیشن عدالت کا عمر قید کی سزا والافیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج

لکھنؤ27/ ستمبر(راست)گذشتہ دنوں لکھنؤ کی خصوصی سیشن عدالت نے مبینہ جبراً مذہب تبدیل کرانے کے الزام میں مشہور عالم دین مولانا کلیم صدیقی سمیت 16/ ملزمین کو قصور وار ٹہرایا تھا۔ نچلی عدالت نے 12/ ملزمین کو عمر قید اور 4/ ملزمین کو دس سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔ نچلی عدالت فیصلے کو ملزم عرفان شیخ نے لکھنؤ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ نچلی عدالت کے فیصلے کے خلاف داخل اپیل پر گذشتہ کل لکھنؤ ہائی کورٹ کی دور کنی بینچ کے روبرو سماعت عمل میں آئی جس کے دوران عرفان خان کے دفاع میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کی جانب سینئر ایڈوکیٹ اوپی تیواری اور ایڈوکیٹ فرقان پٹھان پیش ہوئے۔خصوصی سیشن عدالت سے سزا پانے والے ملزمین میں سے عرفان شیخ پہلا ملزم ہے جس نے نچلی عدالت کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔دوران سماعت دو رکنی بینچ کے جسٹس عطاء الرحمن مسعودی اور جسٹس اجئے کمار سری واستو کو ایڈوکیٹ او پی تیواری نے بتایاکہ نچلی عدالت نے عرض گذار کو ناکافی ثبوت وشواہد موجود ہونے کے باوجود عمر قید کی سزا سنائی ہے جس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ایڈوکیٹ اوپی تیواری نے عدالت کو مزید بتایا کہ جن دفعات کے تحت نچلی عدالت نے عرض گذار اور دیگر ملزمین کو عمر قیدکی سزا سنائی ہے اس کااطلاق ہوتا ہی نہیں۔ایڈوکیٹ او پی تیواری نے عدالت کو مزید بتایا کہ اس مقدمہ کی بنیاد ہی غیر آئینی ہے لہذا ملزمین کو سزا دینے والے نچلی عدالت کے فیصلے کو مسترد کردینا چاہئے۔ایڈوکیٹ او پی تیواری کے دلائل کی سماعت کے بعد دو رکنی بینچ نے استغاثہ کو نوٹس جاری کیا اور پانچ ہفتے کے اندر اپنا اعتراض داخل کرنے کا حکم دیا۔ریاستی حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت سے عرض گذار کی اپیل پراعتراض داخل کرنے کے لیئے آٹھ ہفتوں کا وقت طلب کیا تھا جس پر ایڈوکیٹ اوپی تیواری نے اعتراض کرتے ہوئے عدالت کو بتایاکہ عرض گذار دوران ٹرائل ضمانت پر تھا لیکن نچلی عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد اسے جیل واپس جانا پڑا لہذا عرض گذار کی اپیل اور ضمانت کی عرضداشت پر جلد از جلد سماعت کی جائے۔دو رکنی بینچ نے استغاثہ کو نوٹس جاری کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرائل کورٹ کاریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے اور مقدمہ کی سماعت نومبر کے ماہ میں کیئے جانے کا حکم جاری کیا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.