ہومJharkhandیونیسیف انڈیا کی ٹیم نے کستوربا گاندھی رہائشی اسکول کا دورہ کیا

یونیسیف انڈیا کی ٹیم نے کستوربا گاندھی رہائشی اسکول کا دورہ کیا

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

مادری زبان پر مبنی تعلیمی ماڈل اور لڑکیوں کے بااختیار ہونے کی ستائش

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 12 دسمبر:۔ جھارکھنڈ کے ضلع کھونٹی میں یونیسف انڈیا کی ٹیم نے مادری زبان میں تعلیم اور لڑکیوں کے بااختیار ہونے کے میدان میں ہورہے مثبت تغیرات کا براہِ راست جائزہ لیا۔یونیسف انڈیا کنٹری آفس کے نائب نمائندہ ارجن ڈے واگٹ کی قیادت میں ٹیم نے کستربا گاندھی رہائشی اسکولوں کا دورہ کیا اور جھارکھنڈ ایجوکیشن پروجیکٹ کونسل کی پہلوں کی تعریف کی۔ ٹیم نے انگڑھ کے کستربا گاندھی اسکول میں مادری زبان پر مبنی تدریسی ماڈل کا قریب سے مشاہدہ کیا، جہاں مُنداری، ہو، کھڑیا، کوڑخ اور سنتھالی جیسی زبانوں میں ابتدائی تعلیم دی جارہی ہے۔
بچوں میں اعتماد اور سیکھنے کی رفتار میں اضافہ
ڈے واگٹ نے بتایا کہ مادری زبان میں تعلیم دینے سے بچوں میں نہ صرف اعتماد بڑھا ہے بلکہ سیکھنے کی رفتار میں بھی واضح بہتری آئی ہے۔ یہ ماڈل یونیسف اور لینگویج لرننگ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ریاست کے 1000 سے زائد اسکولوں میں نافذ کیا جاچکا ہے۔
سائنس میں مہارت-لڑکیوں کی نئی پہچان
اس کے بعد یونیسف ٹیم نے کَرا واقع کستربا گاندھی بالیکا رہائشی اسکول کا دورہ کیا، جہاں طالبات نے سائنس اور ریاضی سے متعلق تجربات پیش کیے۔ پلاسٹک کی بوتلوں سے ٹارچ بنانا، برقی سرکٹ تیار کرنا اور ماس بیلنس جیسے تجربات اس بات کا مظہر تھے کہ اب لڑکیاں روایتی صنفی حدود کو توڑ رہی ہیں اور سائنسی میدان میں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔
لائف اسکلز اور سماجی شعور-ایک جامع تربیت
طالبات نے ’آدھافل سیلف ایسٹیم پیکج‘ نامی ڈراما بھی پیش کیا، جس میں یہ پیغام دیا گیا کہ جرات مندانہ سرگرمیاں اور کھوج صرف لڑکوں کا حق نہیں بلکہ لڑکیوں کا بھی برابر حق ہے۔ اسکول میں لائف اسکلز، صحت کی تعلیم، ماہواری کی صفائی اور ماحولیات کے تحفظ پر بھی خصوصی تربیت جاری ہے۔
یونیسف کی تحسین-تعلیم میں شاملگی کی طرف اہم قدم
یونیسف جھارکھنڈ کی ریاستی سربراہ ڈاکٹر کنینیکا مترہ نے کہا:’’مادری زبان پر مبنی تعلیم اور لائف اسکلز پروگرام ریاست کے پسماندہ بچوں کے لیے جامع اور باوقار تعلیم کی سمت ایک اہم قدم ہیں‘‘۔ اس موقع پر یونیسف جھارکھنڈ ٹیم کی رُکن پارول شرما، جوشیلا پلپاٹی، لکشمی سکینہ اور مقامی تعلیمی افسران بھی موجود تھے۔یہ دورہ اس حقیقت کی علامت ہے کہ جھارکھنڈ میں تعلیم صرف کتابوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ اعتماد، مساوات اور اختراع کی نئی راہیں ہموار کر رہی ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version