عوامی فلاح و بہبود اور شفافیت پہلی ترجیح
جدید بھارت نیوز سروس
دھنباد،یکم؍جنوری: نئے سال کے موقع پر جھارکھنڈ حکومت کی جانب سے انتظامی خدمات میں کی گئی بڑی تبدیلیوں کے تحت دھنباد ضلع کو تین نئے نوجوان اور متحرک آئی اے ایس افسران ملے ہیں۔ نئے ڈی ڈی سی (DDC) سنی راج، میونسپل کمشنر آشیش گنگوار اور دھنباد کے نئے ایس ڈی ایم (SDM) لوکیش بارنگے نے جمعرات کو اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔نوتعینات ڈی ڈی سی سنی راج کا استقبال سبکدوش ہونے والے ڈی ڈی سی سادات انور نے گلدستہ پیش کر کے کیا۔ چارج سنبھالنے کے بعد سنی راج نے اپنی ترجیحات واضح کرتے ہوئے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومت کی عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کو زمینی سطح پر نافذ کرنا ان کی ترجیح ہوگی۔ ان کی خاص توجہ اس بات پر رہے گی کہ اسکیموں کا فائدہ ضلع کے آخری فرد تک پہنچے۔
میونسپل کارپوریشن کے طریقہ کار کو شفاف بنائیں گے: روی راج شرما
سبکدوش ہونے والے میونسپل کمشنر روی راج شرما نے نئے میونسپل کمشنر آشیش گنگوار کا استقبال کیا۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد نئے میونسپل کمشنر آشیش گنگوار نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح دھنباد میونسپل کارپوریشن کے طریقہ کار کو مکمل طور پر شفاف بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کارپوریشن کی اسکیموں کا فائدہ عام شہریوں تک بروقت اور براہ راست پہنچانے کے لیے سسٹم کو ‘سٹیزن سینٹرک (شہری دوست) بنایا جائے گا، تاکہ لوگوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکر نہ لگانے پڑیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل وہ چھتر پور میں ایس ڈی ایم کے عہدے پر فائز تھے، جہاں انہوں نے کامیابی کے ساتھ اسمبلی انتخابات مکمل کرائے تھے۔
امن و امان کو مضبوط بنانا پہلی ترجیح: ایس ڈی ایم
دریں اثنا، دھنباد کے نوتعینات ایس ڈی ایم لوکیش بارنگے کو سبکدوش ہونے والے ایس ڈی ایم راجیش کمار نے چارج سونپا۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد لوکیش بارنگے نے اپنی ترجیحات واضح کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنا ان کی پہلی ذمہ داری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ذات پات کے سرٹیفکیٹ، رہائشی سرٹیفکیٹ اور آمدنی کے سرٹیفکیٹ جیسے اہم دستاویزات کا اجرا مقررہ وقت کے اندر یقینی بنایا جائے گا۔ ساتھ ہی دفتر کی کارکردگی بڑھا کر عام عوام کے مسائل کا فوری حل نکالا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ہزاری باغ میں اپنی تربیتی مدت مکمل کی ہے اور وہاں ایک ماہ تک بطور انچارج ایس ڈی ایم بھی کام کیا ہے۔
