20 لاکھ سے زائد کے سونے چاندی کے زیورات اور نقدی برآمد
جدید بھارت نیوز سروس
بوکارو ،28؍دسمبر: بوکارو پولیس نے چوری کی وارداتوں کو انجام دینے والے ایک بڑے گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس نے دو نابالغوں سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کی نشاندہی پر سونے اور چاندی کے زیورات سمیت تقریباً 52 ہزار نقدی، پیتل اور کانسے کے برتن برآمد کیے گئے ہیں۔ اس کارروائی کے ساتھ ہی پولیس نے چوری کے 44 مقدمات حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
جائے وقوعہ سے مجرم گرفتار
ایس پی ہرویندر سنگھ نے بتایا کہ بوکارو میں چوری کی مسلسل وارداتوں سے لوگ خوفزدہ تھے۔ پولیس مسلسل الرٹ تھی۔ اسی دوران خفیہ اطلاع ملی کہ چیرا چاس تھانہ علاقے میں واقع کے کے سنگھ کالونی میں کچھ ملزمان گھر کا تالاتوڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جس کے بعد چاس ایس ڈی پی او کی قیادت میں ایک چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع سے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جن میں دو ملزمان نابالغ ہیں۔ پولیس نے پورے معاملے میں کل 9 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن میں دو ایسے مجرم بھی شامل ہیں جو چوری کا سامان خریدتے تھے۔پولیس نے ان ملزمان کی نشاندہی پر 90 گرام سونا، جس کی بازاری قیمت 10 لاکھ 62 ہزار روپے ہے، اور 5 کلو 300 گرام چاندی، جس کی بازاری قیمت 9 لاکھ 10 ہزار روپے ہے، برآمد کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بائیک، لیپ ٹاپ، ایل ای ڈی ٹی وی، مورتیاں اور اوزار بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ایس پی ہرویندر سنگھ کے مطابق، ان ملزمان نے بوکارو کے مختلف تھانہ علاقوں بشمول چیرا چاس تھانہ، بالی ڈیہ او پی، بالی ڈیہ تھانہ، چاس مفصل، بی ایس سٹی، سیکٹر 4 اور سیکٹر 12 میں چوری کی 44 وارداتوں کو انجام دیا تھا۔
گروہ کے دیگر ارکان کی تلاش جاری
بوکارو ایس پی نے مزید بتایا کہ صرف چیرا چاس تھانہ علاقے میں ان ملزمان نے 20 وارداتیں کی تھیں۔ پولیس اس گروہ کے دیگر ارکان کی تلاش کر رہی ہے۔ یہ ملزمان پہلے گھر کی ریکی کرتے تھے اور پھر خالی مکان ملنے پر چوری کی واردات انجام دیتے تھے۔ چوری شدہ سامان کو یہ فوری طور پر مقامی دکانداروں کے پاس ٹھکانے لگا دیتے تھے۔ ایس پی نے کہا کہ ان ملزمان کی گرفتاری سے چوری کی وارداتوں پر روک لگے گی۔
