جدید بھارت نیوز سروس
ہزاریباغ،14؍مارچ: چرہی علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک بے قابو ٹریلر نے کئی گاڑیوں کو اپنی زد میں لیتے ہوئے ایک گومٹی (چھوٹی دکان) میں گھس کر شدید تباہی مچائی۔ اس حادثے میں دو افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ آٹھ افراد شدید زخمی ہوئے۔ واقعہ اتنا ہولناک تھا کہ موقع پر موجود لوگ اسے دیکھ کر کانپ اٹھے۔یہ حادثہ اس وقت ہوا جب تیز رفتار ٹریلر اچانک بے قابو ہو گیا۔ ٹریلر نے سب سے پہلے ایک آٹو کو ٹکر ماری، پھر ہزاریباغ سے آنے والی ‘ساگر‘نامی بس کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔ اس کے بعد ٹریلر نے ایک 407 گاڑی کو ٹکر مارتے ہوئے پھل اور پان کی گومٹی میں گھس گیا۔ اس دوران پھل فروش ادے سنگھ (عمر 27 سال، ولد سورج سنگھ) ٹریلر کے نیچے دب گئے اور موقع پر ہی ان کی موت ہو گئی۔دوسرے متوفی کی شناخت آدتیہ سنگھ کے طور پر ہوئی ہے، جو چرہی کا ہی رہائشی تھا۔ حادثے میں کل آٹھ افراد شدید زخمی ہوئے، جن میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس اور امدادی کارروائی
اطلاع ملتے ہی چرہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے زخمیوں کو فوری طور پر ہزاریباغ کے شیخ بھکاری میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں داخل کرایا۔ کچھ زخمیوں کا علاج رام گڑھ اور مانڈو کے ہسپتالوں میں بھی چل رہا ہے۔ حادثے کا شکار گاڑیوں کو سڑک سے ہٹانے کا کام پولیس نے کیا، جبکہ مسافروں کو دوسری بسوں کے ذریعے ان کی منزل کی طرف روانہ کیا گیا۔چرہی تھانہ انچارج کندن کانت ومل نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کی ترتیب اور وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ زخمیوں کے لواحقین کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کر کے انہیں ورثاء کے حوالے کرنے کا عمل جاری ہے۔
