جدید بھارت نیوز سروس
سرائےکیلا ،12؍مئی: ضلع کے کانڈرا تھانہ علاقہ کے تحت کانڈرا موڑ کے قریب واقع دکاندار چترنجن منڈل پر مجرموں نے بھتہ خوری کی نیت سے فائرنگ کی تھی ۔ جس کا انکشاف سرائے کیلا پولیس نے کیا ہے۔ پولیس نے اس واقعہ میں تین مجرموں کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان سے فائرنگ کے واقعے میں استعمال ہونے والاایک پستول اور 8 زندہ گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔
چھاپہ مار کارروائی میں مجرم گرفتار
اس واقعہ کے بارے میں، سرائے کیلا کے ایس ڈی پی او سمیر سوئیا نے بتایا کہ 8 مئی کی رات تقریباً 45:8 بجے موٹر سائیکل سوار مجرموں نے منڈل اسٹور کے مالک چترنجن منڈل پر گولی چلا دی، جس میں چترنجن منڈل شدید زخمی ہو گئے۔ اسے علاج کے لیے ٹی ایم ایچ میں داخل کرایا گیا تھا۔واقعے کے بعد پولیس نے ایک ایس آئی ٹی (خصوصی تحقیقاتی ٹیم) تشکیل دی اور مجرموں کی گرفتاری کے لیے مہم شروع کی۔ جس میں پولیس کو کامیابی حاصل ہوئی۔ پولس نے فائرنگ کے واقعہ میں ملوث تین ملزمین کو گرفتار کیا ہے ۔ جن کے نام جیتندر مہتو، راجیو جھا، شبھم کالندی عرف بٹو کالندی ہیں۔ ساتھ ہی اس کیس کا اہم سازشی ابھی تک مفرور ہے۔ایس ڈی پی او نے بتایا کہ تمام مجرموں نے واقعہ میں اپنے ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔ اہم ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس ڈی پی او کے علاوہ پولیس کی طرف سے تشکیل دی گئی ۔ ایس آئی ٹی ٹیم میں کانڈرا تھانہ انچارج ونود مرمو، کپالی انچارج سونو کمار، نیم ڈیہہ تھانہ انچارج سنتن تیواری، چوکا تھانہ انچارج بجرنگ مہتو کے علاوہ آدتیہ پور اور گمہریا کے پولیس افسران شامل ہیں۔
