صحافیوں کے ساتھ سوتیلا سلوک بند کرے حکومت، پنشن اور انشورنس اسکیم نافذ ہو: ڈاکٹر نیرا یادو
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 15؍ مارچ: جھارکھنڈ کے صحافیوں کے لیے تقریباً ڈیڑھ دہائی سے جھارکھنڈ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ذریعے صحافی تحفظ قانون، جرنلسٹ پنشن اسکیم اور جرنلسٹ ہیلتھ انشورنس اسکیم جیسے مطالبات کو لے کر مسلسل آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ اس دوران جھارکھنڈ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے بانی شاہنواز حسن کی قیادت میں جھارکھنڈ کے تمام اراکین اسمبلی کو خطوط بھیج کر ان مطالبات کی حمایت کی درخواست کی گئی تھی۔ جھارکھنڈ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے سینئرصحافی اور قومی سوشل میڈیا انچارج سنجیو سمیر نے اس سلسلے میں کوڈرما کی ایم ایل اے ڈاکٹر نیرا یادو سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور دیگر ریاستوں میں صحافیوں کو ملنے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ جھارکھنڈ کے صحافیوں کے ساتھ ہونے والے اس سوتیلے سلوک کو بی جے پی ایم ایل اے ڈاکٹر نیرا یادو نے سنجیدگی سے لیتے ہوئے اسمبلی میں وقفہ صفر (شونیہ کال) کے دوران جرنلسٹ پنشن اسکیم، جرنلسٹ ہیلتھ انشورنس اسکیم اور صحافی تحفظ قانون نافذ کرنے کا مطالبہ مضبوطی سے اٹھایا۔ایم ایل اے ڈاکٹر نیرا یادو کی جانب سے جھارکھنڈ کے تمام صحافیوں کے لیے اٹھائی گئی اس آواز پر اظہار تشکر کرنے کے لیے آج بھارتیہ شرمجوی پترکار سنگھ (BSPS) کی جھارکھنڈ ریاستی اکائی ’جھارکھنڈ جرنلسٹ ایسوسی ایشن‘ (JJA) کے وفد نے کوڈرما ایم ایل اے ڈاکٹر نیرا یادو کی رانچی واقع رہائش گاہ پر جھارکھنڈ کے تمام صحافیوں کی جانب سے انہیں شال اوڑھا کر اعزاز سے نوازا اور تنظیم کا نشان (Memento) پیش کیا۔ اس موقع پر بی ایس پی ایس اور جے جے اے کے بانی شاہنواز حسن، قومی سوشل میڈیا انچارج سنجیو سمیر، قانونی مشیر سینئرایڈووکیٹ جگدیش سلوجا، کوڈرما ضلع صدر کمار رمیشم، ضلع جنرل سکریٹری انیل سنگھ، رانچی ضلع صدر پنکج سنگھ اور آکاش کمار سونی موجود تھے۔ صحافیوں کے وفد سے بات چیت کے دوران ڈاکٹر نیرا یادو نے کہا کہ جھارکھنڈ میں رگھوور داس کی حکومت نے صحافیوں کے لیے شاندار پریس کلب کی عمارت تعمیر کرائی، صحافیوں کے لیے پنشن اسکیم نافذ کی، شدید بیمار صحافیوں کا مناسب علاج کرایا گیا، وہیں موجودہ ہیمنت سورین حکومت نے گزشتہ 6 سالوں سے صحافیوں کی پنشن ادا نہیں کی ہے۔محترمہ یادو نے کہا کہ صحافیوں سے ہیلتھ انشورنس کے نام پر گزشتہ دو سالوں سے جھارکھنڈ حکومت کے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (IPRD) کے ذریعے پریمیم کی رقم لینے کے باوجود اب تک انہیں ہیلتھ انشورنس سے محروم رکھا گیا ہے۔ ایم ایل اے ڈاکٹر نیرا یادو نے کہا کہ جھارکھنڈ کی ہیمنت سورین حکومت جمہوریت کے چوتھے ستون کو کسی قسم کی کوئی سہولت فراہم نہیں کر رہی ہے جو کہ ایک سنگین مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے کورونا سے جان گنوانے والے صحافیوں کے اہل خانہ کو دس دس لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی، جبکہ ہیمنت سورین حکومت نے کسی بھی آنجہانی صحافی کے اہل خانہ کو ایک کوڑی تک نہیں دی۔ ڈاکٹر نیرا یادو نے کہا کہ صحافیوں کے لیے مگرمچھ کے آنسو بہانے والی کانگریس کے تعاون سے جھارکھنڈ کی حکومت چل رہی ہے، اس کے باوجود جھارکھنڈ کے صحافیوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے کوئی کام نہیں کیا گیا ہے جو کہ افسوسناک ہے۔
