بیرونِ ملک بیٹھے بھتہ خوروں کی اب خیر نہیں: اے ٹی ایس کی مدد سے جاری ہوگا ’ریڈ کارنر نوٹس‘
جدید بھارت نیوز سروس
رام گڑھ ،17؍فروری: بوکارو رینج کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) سنیل بھاسکر نے منگل کے روز رام گڑھ میں ایس پی سمیت پولیس افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی۔ جس میں انہوں نے ضلع میں حال ہی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات، دھمکیوں اور منظم جرائم سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے جرائم پر قابو پانے کے حوالے سے پولیس افسران کو سخت ہدایات جاری کیں۔میٹنگ میں آئی جی سنیل بھاسکر نے واضح کیا کہ ان کی آمد کا بنیادی مقصد ضلع میں حالیہ فائرنگ اور دھمکیوں سے متعلق واقعات کا جائزہ لینا اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ ایک دو معاملات کو چھوڑ کر زیادہ تر کیسز میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مجرموں کی شناخت کر لی ہے، لیکن اس بات پر زور دیا کہ جرم ہونے کے بعد کی کارروائی سے زیادہ ضروری یہ ہے کہ جرم کو ہونے سے پہلے ہی روکا جائے۔آئی جی نے ہدایت دی کہ منظم مجرموں پر سی سی اے (CCA)، تھانہ حاضری، نگرانی کی کارروائی (Surveillance Proceeding) سمیت تمام قانونی اقدامات کا استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو مجرمانہ گروہ ملک سے باہر بیٹھ کر فون کے ذریعے لوگوں کو دھمکانے اور بھتہ وصول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ایسے مجرموں کے خلاف رام گڑھ ایس پی کے ذریعے اے ٹی ایس (ATS) کی مدد سے ریڈ کارنر نوٹس جاری کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا، تاکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ان کی نگرانی اور گرفتاری ممکن ہو سکے۔ ساتھ ہی منظم مجرموں کے اثاثوں کی تفصیلات تیار کر کے انہیں ضبط کرنے کی کارروائی کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔آئی جی سنیل بھاسکر نے کہا کہ پولیس کا مقصد صرف مجرموں کو پکڑنا نہیں بلکہ جرائم کے نیٹ ورک کو توڑنا ہے۔ اس کے لیے انٹیلی جنس سسٹم کو مضبوط بنانے، تکنیکی نگرانی بڑھانے اور عوام سے رابطہ برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔میٹنگ کے اختتام پر انہوں نے صاف پیغام دیا کہ رام گڑھ میں امن و امان کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کو کسی بھی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا اور پولیس ‘زیرو ٹالرنس‘ پالیسی کے تحت کارروائی جاری رکھے گی۔ میٹنگ سے قبل آئی جی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
