بوائے فرینڈ سے جھگڑے کے بعد لگائی تھی چھلانگ
مشرقی سنگھ بھوم، 3 اگست(جدید بھارت )شہر کے سوناری تھانہ علاقے کے تحت دو دن قبل ڈوبو پل سے ندی میں کودنے والی لڑکی سمیتا پرمانک کی لاش بالآخر اتوار کی صبح برآمد کر لی گئی۔ برسانگر تھانہ علاقہ میں ہرلوگ کے نزدیک سورنریکھا ندی میں پتھروں کے درمیان پھنسی لاش ملی۔ لاش کی شناخت ہوتے ہی پولیس نے اسے تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔سمیتا پرمانک بھویاڈیہہ کی رہنے والی تھیں۔ واقعہ کے وقت وہ ایک دوست کے ساتھ ڈوبو پل دیکھنے گئی تھی۔ پل پر چلتے ہوئے وہ اپنے بوائے فرینڈ سے موبائل پر بات کر رہی تھی۔ دونوں کے درمیان جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ سمیتا نے غصے میں اچانک ندی میں چھلانگ لگا دی۔ یہ دیکھ کر اس کی سہیلی ڈر گئی اور لوگوں کو اس کی اطلاع دی لیکن تب تک سمیتا ندی کے تیز بہاؤ میں بہہ چکی تھی۔دو دن سے اس کی تلاش جاری تھی۔ اتوار کی صبح تقریباً 8 بجے مقامی لوگوں نے ہرلگ کے قریب ندی میں ایک لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ برسانگر پولیس موقع پر پہنچی اور ڈرون کیمرے کی مدد سے لاش کی شناخت کی گئی۔ تفتیش میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ لاش سمیتا پرمانک کی ہے۔ فی الحال پولس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
