کہا:گاؤں کی ہمہ جہت ترقی کے بغیر جھارکھنڈ کی ترقی کا تصور ناممکن
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، یکم؍ فروری:مانڈر اسمبلی حلقہ کی عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی سمت میں مقامی ایم ایل اے و ریاست کی وزیر برائے زراعت، مویشی پروری اور امدادِ باہمی شلپی نیہا ترکی مسلسل قدم بڑھا رہی ہیں۔عوام کے نام وقف اسکیموں کی فہرست میں اتوار کو وزیر موصوفہ نے ایم ایل اے اسکیم کے تحت مانڈر کے گڑمی میں عوامی مفاد کے بنیادی ڈھانچے کی تزئین و آرائش، چبوترہ اور شیڈ کی تعمیر، پریاگو مسلم قبرستان میں جنازہ شیڈ کی تعمیر، لایو نیچے ٹولی میں مکتب کی تعمیر اور اچری میں پی سی سی سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر وزیر شلپی نیہا ترکی نے کہا کہ ہر ایک اسکیم کی اپنی افادیت اور اپنی اہمیت ہے۔ گاؤں کی ہمہ جہت ترقی کے بغیر جھارکھنڈ کی ترقی کا تصور ناممکن ہے۔حکومت کا مقصد معاشرے کے آخری فرد تک بنیادی سہولیات کا فائدہ پہنچانا ہے۔ اسی سمت میں حکومت مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔آج جن اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے وہ تمام اسکیمیں عوام کو احترام، سہولت، تعلیم اور تحفظ فراہم کرنے کی سمت میں اہم پیش رفت ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ذات پات، مذہب یا طبقے کی بنیاد پر اسکیم کا تعین نہیں کرتے، بلکہ عوام کی ضرورت کی بنیاد پر اسکیموں کی ترجیحات طے کرتے ہیں۔وزیر نے کہا کہ گڑمی گاؤں میں چبوترہ اور شیڈ کی تعمیر سے سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، جبکہ پریاگو گاؤں میں قبرستان شیڈ کی تعمیر سے مذہبی اور انسانی ضروریات پوری ہوں گی۔لایو نیچے ٹولی میں مکتب کی تعمیر سے بچوں کو بہتر تعلیم کے مواقع میسر ہوں گے اور اچری گاؤں میں پی سی سی سڑک کی تعمیر مکمل ہونے سے آمد و رفت پہلے سے زیادہ آسان اور سہل ہو جائے گی۔ خاص طور پر گاؤں کے کسانوں اور دیہاتیوں کو کم وقت میں اپنی منزل تک پہنچنے میں آسانی ہوگی۔وزیر نے واضح الفاظ میں کہا کہ اسکیمیں مقررہ وقت کے اندر مکمل ہوں، اس پر سماجی نگرانی ضروری ہے۔ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔سنگ بنیاد کی تقریب میں کانگریس بلاک صدر منگا اوراؤں، اسمبلی یوتھ صدر حسین انصاری، یوتھ صدر آزاد انصاری، پنچایت صدر زاہد انصاری، ایم ایل اے نمائندہ شکّا اوراؤں، جمیل انصاری، بھولو انصاری سمیت بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان، عوامی نمائندے اور مقامی دیہاتی موجود تھے۔
