بعد میں پگڑی سے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا ، تفتیش کے بعد خلاصہ
جدید بھارت نیوز سروس
پلاموں،11؍جولائی: ایک نوجوان نے بقایا رقم مانگنے پر اپنے ہی دوست کو خوفناک موت کی سزا دےدی۔ نوجوان نے پہلے اپنے دوست کو نشہ آور انجکشن کی اوور ڈوز دیا اور بعد میں گلا دبا کر قتل کر دیا۔ پولیس کی تفتیش میں کئی چیزیں سامنے آئی ہیں جس کے بعد پولیس نے قتل کے ملزم نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پہلے منشیات کے اوور ڈوز کو موت کی وجہ بتائی گئی تھی
8 جولائی کو پلاموں کے حسین آباد تھانے کے علاقے دھرہرا میں تابش انصاری نامی نوجوان کی لاش نہر سے برآمد ہوئی تھی۔ ابتدائی طور پر یہ بات سامنے آئی کہ تابش کی موت نشے کی زیادتی کے باعث ہوئی۔ بعد ازاں جب کیس کی تفتیش شروع ہوئی تو کئی انکشافات ہوئے اور اس کے دوست تبریز عالم کو پولیس نے تابش کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
پلاموں کے ایس پی نے کیا کہا؟
پلاموں کی ایس پی ریشما رمیشن ‘تابش اور تبریز قریبی رشتہ دار تھے اور دونوں دوست تھے۔ متوفی تابش کی پھوپھی کی شادی تبریز سے ہوئی ہے ۔ تبریز چھتیس گڑھ میں کرین ہیلپر تھا، جب کہ تابش ہائی وے ہیلپر کے طور پر کام کرتا تھا۔ ایس پی نے کہا کہ قواعد کے مطابق ہیلپر کرین نہیں چلا سکتا۔ ایک دن تبریز کرین چلا رہا تھا، جس کی تصویر تابش نے لی اور سائٹ مینیجر کو بھیج دی۔ اس کے بعد تبریز کو نوکری سے نکال دیا گیا۔ دونوں محرم کے دوران گھر آئے تھے اور وقوعہ کے روز دونوں نہر کے کنارے گئے تھے۔ یہاں نشے کے لیے بے ہوشی کا انجکشن دیا گیا۔
گلا دبا کر قتل
منشیات کے استعمال کے دوران تبریز اور تابش میں پیسوں کے لین دین پر جھگڑا ہوا۔ اس معاملے میں تبریز نے تابش کو انجکشن کی اوور ڈوز دی۔ بعد ازاں سر پر باندھی گئی پگڑی سے گلا دبا کر قتل کیا اور لاش نہر میں پھینک دی۔ ایس پی کا کہنا تھا کہ ملزمان نے انتہائی چالاکی سے قتل کو انجام دیا، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بہت سی چیزیں سامنے آنے کے بعد پورا معاملہ سامنے آیا ہے۔حسین آباد پولیس نے اچھا کام کیا ہے۔ یہ کیس یو ڈی کیس سے قتل کیس میں بدل گیا ہے۔ ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر ادویات دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ سی ڈی پی او ایس محمد یعقوب، حسین آباد تھانہ انچارج سونو کمار چودھری، سب انسپکٹر سوربھ چوبے، مکیش سنگھ، کمل کشور پانڈے، رمن یادو پولس تفتیش میں شامل تھے۔
