سفید کار میں سوار نقاب پوش چار رائونڈ فائر کر فرار ہوگئے
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 22 ستمبر:۔ رانچی کے کھلاری تھانہ علاقے میں نرمل مہتو چوک کے قریب اتوار کی دیر رات بدمعاشوں نے پولیس کی گشتی پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ میں کھلاری پولیس اسٹیشن کا کانسٹیبل رام شرما زخمی ہوگیا۔ اسے علاج کے لیے راج ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سفید رنگ کی سوئفٹ کار میں سوار نقاب پوش بدمعاشوں نے پولیس کی گشتی پارٹی پر حملہ کر دیا۔ انہوں نے ایک چھوٹے ہتھیار سے تقریباً 3-4 راؤنڈ فائر کیے جن میں سے ایک کانسٹیبل رام شرما کی دائیں ٹانگ میں گولی لگی۔ انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا اور ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے رانچی کے راج ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کئی تھانوں کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔ متعدد افراد سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔پولیس نے اب تک دو سفید کاروں کو قبضے میں لیا ہے جو اس واقعے میں ملوث ہو سکتی ہیں۔ ایک مشتبہ شخص کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ تاہم فائرنگ کے پیچھے محرکات ابھی تک واضح نہیں ہوسکے ہیں۔پولیس تھانہ انچارج جے دیپ ٹوپو نے سومار کو کہا کہ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
