ایک ساتھ 6 بسیں جل کر خاکستر
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،یکم ؍فرور: دارالحکومت رانچی کے کھادگڑھا بس اسٹینڈ میں اس وقت افراتفری مچ گئی جب ایک ساتھ 6 بسوں میں آگ لگ گئی۔ اس سے پہلے کہ لوگ کچھ سمجھ پاتے، تمام بسیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ بس مالکان نے اس آتشزدگی کے پیچھے ایک بڑی سازش کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
پہلے ایک بس میں لگی تھی آگ
کھادگڑھا بس اسٹینڈ میں اتوار کی دوپہر اچانک کئی بسوں میں آگ لگ گئی۔ اس خوفناک حادثے میں چھ بسیں جل کر تباہ ہو گئیں؛ سب سے پہلے ایک بس میں آگ لگی تھی۔ مقامی لوگ اور بس مالکان کچھ سمجھ پاتے، تب تک انہوں نے دیکھا کہ کچھ ہی فاصلے پر کھڑی باقی بسیں بھی آگ کی لپیٹ میں آگئی ہیں۔ ایک ساتھ چھ بسوں میں آگ لگنے کی وجہ سے پورے کھادگڑھا بس اسٹینڈ میں بھگدڑ مچ گئی۔ بسوں کے ڈرائیور اور کلینر اپنی اپنی بسیں لے کر ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ کسی طرح آگ لگی ہوئی بسوں کے پاس کھڑی دوسری بسوں کو وہاں سے نکالاگیا۔
بڑی سازش کا خدشہ
ایک ساتھ چھ بسوں میں آگ لگنے کے واقعے کو ایک بڑی سازش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ بس ایجنٹ محمد سرفراز نے بتایا کہ بھاری نقصان ہوا ہے۔ بس مالکان نے کئی بار انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ بس اسٹینڈ میں مستقل طور پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تعینات کی جائیں، لیکن ان کی باتوں پر توجہ نہیں دی گئی۔بس مالکان کو ایسا لگتا ہے کہ کسی نے جان بوجھ کر بسوں کو آگ کے حوالے کیا ہے۔ سب سے حیرانی کی بات یہ ہے کہ جن بسوں میں آگ لگی ان میں سے کوئی بھی اے سی (AC) بس نہیں تھی۔ اے سی بسوں میں عام طور پر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات ہوتے ہیں، لیکن یہاں جلنے والی تمام 6 بسیں نان اے سی تھیں۔
سی سی ٹی وی کھنگال رہی پولیس
فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیوں نے سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، لیکن آگ کیسے لگی اس کا انکشاف پولیس کو کرنا ہے۔ لوئر بازار تھانہ انچارج رن وجے شرما نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ بس اسٹینڈ میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی تلاشی لی جا رہی ہے۔ اگر سی سی ٹی وی فوٹیج میں کوئی بھی شخص آگ لگاتا ہوا دکھائی دیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
