جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 22 اگست:۔ سپریم کورٹ نے ایک خاتون عدالتی افسر کے معاملے میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ کو ایک مشورہ دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے کہا ہے کہ ہائی کورٹ کو اپنے جوڈیشل افسران کے لیے ‘والدین ‘ کی طرح کام کرنا چاہیے۔ سپریم کورٹ نے یہ مشورہ جمعہ کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ کو ایک خاتون عدالتی افسر کو راحت دینے کی ہدایت دیتے ہوئے دیا۔ عدالت عظمیٰ نے جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے کہا کہ وہ سنگل پیرنٹ خاتون عدالتی افسر کو ہزاری باغ میں رہنے یا اس کے بیٹے کے 12ویں کلاس کے امتحانات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اسے بوکارو منتقل کرنے کی اجازت دے۔ درج فہرست ذات کے زمرے سے تعلق رکھنے والے ایک ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج (ADJ) کی درخواست کا نوٹس لیتے ہوئے، چیف جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس کے ونود چندرن کی بنچ نے کہا، ‘ہائی کورٹس کو اپنے عدالتی افسران کی پریشانیوں سے چوکنا رہنا ہوگا۔ ‘
