ریاستی الیکشن کمیشن نے تعینات کیے خصوصی اخراجاتی مبصرین
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 29 جنوری :۔ریاست میں بلدیاتی انتخابات کے دوران امیدواروں کی جانب سے کیے جانے والے انتخابی اخراجات پر اس مرتبہ ریاستی الیکشن کمیشن کی سخت نگرانی رہے گی۔ کمیشن نے نہ صرف انتخابی اخراجات کی زیادہ سے زیادہ حد پہلے ہی طے کر دی ہے بلکہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ کوئی امیدوار مقررہ حد سے زیادہ خرچ نہ کرے، خصوصی اخراجاتی مبصرین کی تقرری بھی عمل میں لائی ہے۔ اس سلسلے میں کمیشن کی جانب سے اخراجاتی مبصرین کو تفصیلی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
تین مرحلوں میں نگرانی کا نظام
ہدایات کے مطابق اخراجاتی مبصرین اپنے اپنے مقررہ انتخابی حلقوں کا تین مرحلوں میں دورہ کریں گے۔ پہلے مرحلے میں، 27 جنوری کو انتخابی نوٹیفکیشن جاری ہونے کے فوراً بعد اگلے ہی دن مبصرین انتخابی حلقوں میں پہنچ گئے۔ اس دوران وہ انتخابی اخراجات کی نگرانی میں مصروف تمام ٹیموں سے ملاقات کریں گے اور ضلع الیکشن افسر (ڈپٹی کمشنر) کی جانب سے فراہم کردہ فہرست میں سے اسسٹنٹ اخراجاتی مبصر کا تقرر کریں گے۔ اگر مبصر اس تقرری سے مطمئن نہ ہوں تو وہ متبادل فہرست طلب کر کے مناسب شخص کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
محکموں کے ساتھ تال میل
اخراجاتی مبصرین ضلع الیکشن افسر، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، محکمہ انکم ٹیکس، محکمہ ایکسائز اور دیگر نفاذی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تال میل قائم رکھیں گے۔ پہلے دورے کے دوران وہ تین دن انتخابی حلقے میں قیام کریں گے اور ووٹنگ کی تیاری سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کے بعد ہی روانہ ہوں گے۔
دوسرا اور تیسرا دورہ
انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کے فوراً بعد مبصرین دوسری بار انتخابی حلقوں کا دورہ کریں گے اور پوری انتخابی مہم کے دوران وہیں موجود رہیں گے۔ اس مرحلے میں ان کا قیام تقریباً 16 دنوں کا ہوگا اور وہ ووٹنگ کے اختتام کے بعد ہی حلقہ چھوڑیں گے۔ تیسری بار، انتخابی نتائج کے اعلان کے 30ویں دن مبصرین دوبارہ حلقے میں پہنچیں گے اور سات دن قیام کریں گے، جہاں وہ امیدواروں کے انتخابی اخراجات کے گوشواروں کی جانچ میں ضلع الیکشن افسر کی مدد کریں گے۔ اس دوران یہ بھی یقینی بنایا جائے گا کہ تمام امیدوار نتائج کے اعلان کے 30 دن کے اندر اپنے اخراجات کی تفصیلات جمع کرائیں۔
