ایس آئی آر اور بنگلہ دیشی جیسے مسائل کو اٹھانا مضحکہ خیز : ہدایت اللہ خان
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی؍ گھاٹ شیلا،2؍نومبر: گھاٹ شیلا اسمبلی ضمنی انتخاب میں جھارکھنڈ اقلیتی کمیشن کے چیئرمین نیز جے ایم ایم کے سینئرلیڈر ہدایت اللہ خان نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر ’ایس آئی آر‘ اور بنگلہ دیشی جیسے مدعوں کو اٹھانے کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا شہروں کے نام بدلتے بدلتے اب ملک کا جغرافیہ بھی بھول گئی ہے۔ ہدایت اللہ خان نے کہا کہ گھاٹ شیلا کی کوئی بین الاقوامی سرحد نہیں لگتی، تو پھر بنگلہ دیشی وہاں کیسے آسکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے، تو گزشتہ گیارہ برسوں سے مرکز نے دراندازوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی؟ ہدایت اللہ خان نے کہا کہ بھاجپا اور الیکشن کمیشن نے بہار اسمبلی انتخابات سے قبل ایس آئی آر کے مسئلے پر ڈھونگ رچایا تھا، نتیجہ کیا نکلا؟ غیر ملکی شہریوں کے نام پر صرف 300 نیپالی اور بنگلہ دیشی ہندو پائے گئے۔ الیکشن کمیشن نے اس بنیاد پر بہار کی آٹھ کروڑ آبادی کو قطار میں کھڑا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا عوام کو دھوکہ دے رہی ہے اور اب وہ مسئلہ سے خالی پارٹی بن چکی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ چمپئی سورین کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہدایت اللہ خان نے ان پر سخت حملہ کیا اور کہا کہ انہوں نے چولابدل دیا ہے، اس لیے ان کی باتیں بھی بدل گئی ہیں۔ گھاٹ شیلا میں ان کا کوئی اثر نہیں ہے، ان کی سیاسی حیثیت بھاجپا نے ختم کر دی ہے۔ گھاٹ شیلا میں جے ایم ایم کی جیت کے دعوے کے ساتھ ہدایت اللہ خان نے کہا کہ ہم جیتیں گے، یہاں کے جادوگر اور بازیگر وزیراعلیٰ ہیمنت سورین اور رکن اسمبلی کلپنا سورین ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جے ایم ایم اتحاد مضبوطی سے انتخاب لڑ رہا ہے اور سابق وزیراعلیٰ چمپئی سورین کا بھاجپا سے تعلق گھاٹ شیلا کے ووٹروں کو متاثر نہیں کرے گا۔
