ایم پی، ایم ایل اے اور سابق وزیر نے کی شرکت
جدید بھارت نیوز سروس
چترا،15؍نومبر: چترا میں جھارکھنڈ ریاست کے قیام کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر 11 سے 15 نومبر 2025 تک منعقد ہونے والی پانچ روزہ تقریبات کا شاندار اختتام جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں ہوا، جس میں ہزاروں لوگ شریک ہوئے۔ تقریب کا آغاز چراغ روشن کرکے ہوا۔ اس موقع پر رکن پارلیمان کالی چرن سنگھ، رکن اسمبلی جناردن پاسوان، سابق وزیر ستیانند بھوگتا، ڈپٹی کمشنر کریتی شری جی، ایس پی سمت کمار اگروال، ضلع پریشد کی چیئرپرسن ممتا کماری سمیت ضلعی انتظامیہ کے سینئرافسران موجود تھے۔اسکولوں کے بچوں نے گیت، رقص، ڈرامہ اور ثقافتی پیشکشوں سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیہ، جواہر نوودیہ ودیالیہ، نازریتھ ودیا نکیتن اور دیگر اداروں کی پیشکشیں خاص طور پر پسند کی گئیں۔ ضلعی اطلاعات دفتر کی جانب سے سیاحتی مقامات اور لوک سیتو پورٹل پر مبنی فلموں کی نمائش بھی کی گئی ۔جھارکھنڈ تحریک کے مجاہدین اور ان کے اہل خانہ کو اعزازات دیے گئے۔ ’’رن فار جھارکھنڈ‘‘، سائیکل ریلی، پینٹنگ، رنگولی، ڈانس اور ڈرامہ کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں اور نوجوانوں کو انعامات پیش کیے گئے۔ مختلف محکموں نے مستفیدین میں منظوری نامے اور اثاثے بھی تقسیم کیے۔ڈی سی کریتی شری جی نے خطاب میں کہا کہ جھارکھنڈ کا یومِ تاسیس ریاست کی شناخت اور جدوجہد کی علامت ہے۔ انہوں نے برسا منڈا، نادر علی خان، جے منگل پانڈے اور چترا کے تحریک کاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈی سی نے بتایا کہ ضلع میں اسکولوں کی تعداد 714 سے بڑھ کر 1569 ہو گئی ہے۔ کستوربا گاندھی اور آواسِیہ ودیالیوں میں ہزاروں بچیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ اعلیٰ تعلیم اور اسکل ڈیولپمنٹ کے لیے کالج، آئی ٹی آئی اور سی ایم ساتھھی یوجنا فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔روزگار کے شعبے میں منریگا، PMEGP اور JSLPS کے ذریعے ہزاروں لوگوں کو روزگار ملا ہے۔ اٹکھوری کا دھنکھیری CLF قومی سطح پر ایوارڈ بھی حاصل کر چکا ہے۔ صحت کے میدان میں ابوآ ہیلتھ اسکیم کے تحت مفت علاج، آیوشمان کارڈ اور ڈائلیسس سینٹر نے سہولیات بہتر کی ہیں۔بنیادی ڈھانچے میں آواس یوجنا، گرام سڑک یوجنا اور جل جیون مشن کے ذریعے گھروں، سڑکوں اور پانی کی فراہمی میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔ زرعی میلے اور بائر سیلر میٹ سے مقامی مصنوعات کو بڑا بازار ملا ہے۔ایم پی اور ایم ایل اے نے بھی خطاب میں ریاستی ترقی کی تعریف کی۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے کے ساتھ ہوا، جبکہ برسا منڈا اور شیبو سورین کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
