16 کروڑ 55 لاکھ سے زائد مالیت کی افیون اور براؤن شوگر برآمد، 359 ایکڑ پر پھیلی غیر قانونی افیون کی کاشت تباہ
32 عسکریت پسند گرفتار، ٹی ایس پی سی کے دو بدنام زمانہ انعامی جنگجوؤں کا خود سپردگی
جدید بھارت نیوز سروس
چترا،31؍دسمبر: چترا پولیس کے لیے سال 2025 ریکارڈ کامیابیوں، کامیاب مہمات اور سخت امن و امان کے نفاذ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ جنوری سے دسمبر تک ضلع بھر میں عسکریت پسندی، منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی شراب کے کاروبار اور مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف پولیس نے کئی موثر مہمات چلائیں۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں سال 2025 میں ضلع کو جرائم سے پاک اور محفوظ بنانے کی سمت میں درجنوں بڑی کامیابیوں کا ذکر ہے۔
منشیات کی اب تک کی سب سے بڑی برآمدگی
اس سال ضلع میں منشیات کے ایکٹ (NDPS) کے تحت 90 مقدمات درج ہوئے، جن میں 201 ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی۔ پولیس نے 539.86 کلوگرام افیون برآمد کی، جس کی کل تخمینہ قیمت 4 کروڑ 32 لاکھ 69 ہزار 500 روپے لگائی گئی ہے۔اس کے علاوہ 259.5 کلوگرام براؤن شوگر پکڑی گئی، جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 10 کروڑ 51 لاکھ 80 ہزار روپے ہے۔اسی تسلسل میں 21.3 کلو گانجہ اور 1130 کوئنٹل ڈوڈا بھی ضبط کیا گیا، جس کی قیمت ایک کروڑ 69 لاکھ 52 ہزار 850 روپے بتائی گئی۔ ساتھ ہی اسمگلروں کے قبضے سے 78 لاکھ 17 ہزار 550 روپے نقد بھی برآمد کیے گئے، جس سے یہ سال منشیات مخالف مہم کے لیے سب سے کامیاب رہا۔
ایکسائز ایکٹ میں بھی پولیس متحرک رہی
ایکسائز ایکٹ کے تحت ضلع میں 31 مقدمات درج کیے گئے اور 39 ملزمان کی گرفتاری ہوئی۔ پولیس نے 46.5865 لیٹر غیر قانونی انگریزی شراب، 9.1469 لیٹر بیئر اور 506 لیٹر دیسی شراب ضبط کر کے کئی غیر قانونی شراب مافیاؤں کی کمر توڑ دی۔
359 ایکڑ میں پھیلی غیر قانونی افیون کی کاشت کو تباہ کیا
چترا پولیس نے سال 2025 میں غیر قانونی افیون کی کاشت کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی مہم چلائی۔ ضلع کے مختلف تھانہ علاقوں میں پھیلی کل 359 ایکڑ پر لگی افیون کی فصل کو پولیس نے تباہ کر دیا۔ لاوالونگ تھانہ علاقے میں سب سے زیادہ 218 ایکڑ، کندا میں 101 ایکڑ، راجپور میں 17 ایکڑ، چترا میں 6 ایکڑ، ہنٹر گنج میں 4 ایکڑ، وششٹھ نگر میں 25.12 ایکڑ اور ٹنڈوا میں 75.0 ایکڑ میں لگی غیر قانونی فصل کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ اس کارروائی نے ضلع میں افیون مافیا کی کمر توڑ دی۔
مجرموں پر سخت کارروائی—سی سی اے اور ضلع بدری
پولیس نے منظم مجرموں پر سخت قانونی کارروائی کی۔ پتھل گڑھا کے شکتی گری اور پپر وار کے بھیکھن گنجھو پر سی سی اے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ وہیں سمیریا کے کھپیا کے رہنے والے مجرم وکاس کمار یادو کو ضلع بدری کی کارروائی کے تحت ضلع سے باہر کر دیا گیا۔146 مجرموں پر نگرانی کی تجویز منظور کی گئی اور 58 مجرموں کو ‘گنڈا رجسٹر میں شامل کیا گیا، جس سے جرائم پر موثر کنٹرول قائم ہوا۔
عسکریت پسندی مخالف مہم میں بڑی کامیابی
سال 2025 میں چترا پولیس نے کل 32 عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا۔ ان میں ٹی ایس پی سی (TSPC) کے 27، سی پی آئی ماؤ نواز کے دو اور دیگر تنظیموں کے تین جنگجو شامل تھے۔ ان میں ایک ریجنل کمانڈر، ایک ایریا کمانڈر، 26 ارکان اور چار حامی پکڑے گئے۔ سب سے بڑی کامیابی تب ملی جب ٹی ایس پی سی کے ایک ایک لاکھ روپے کے انعامی دو جنگجوؤں—کلدیپ گنجھو اور روہن گنجھو—نے پولیس کے سامنے خود سپردگی کر دی۔ پولیس نے سال بھر میں عسکریت پسندوں سے 28 ہتھیار، 2840 زندہ کارتوس اور دو آئی ای ڈی (IED) بھی برآمد کیے۔سال 2025 کی ان کامیابیوں نے چترا پولیس کو ریاستی سطح پر پذیرائی دلائی ہے اور ضلع میں سیکیورٹی، اعتماد اور امن و امان کو نئی مضبوطی فراہم کی ہے۔
