نئی دہلی؍ رانچی، 29 جون:۔ [جدید بھارت نیوز سروس]جھارکھنڈ کے لیے ایک راحت کی خبر آئی ہے۔ ڈشوم گرو شیبو سورین کی صحت اب بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے سات دن کے بعد آنکھ کھولی ہے جس نے جھارکھنڈ سمیت ملک بھر میں ان کے خیر خواہوں میں امید کی کرن جگائی ہے۔ اس وقت وہ دہلی کے گنگارام اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ گروجی کی صحت کو لے کر سورین کا خاندان پوری طرح سے دہلی میں موجود ہے اور ان کی صحت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ جھارکھنڈ میں بھی ان کی خیریت کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔ سیاسی گلیاروں میں بھی ان کی صحت کے حوالے سے گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ حکمراں اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنما دہلی پہنچ رہے ہیں اور وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے ملاقات کر کے گروجی کی صحت کے بارے میں دریافت کر رہے ہیں۔ حال ہی میں صدر دروپدی مرمو نے بھی گنگارام ہسپتال پہنچ کر گروجی کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔
