اراضی تنازعہ تھی قتل کی وجہ ؛ ماسٹر مائنڈ سمیت دیگر کی تلاش
جدید بھارت نیوز سروس
کھونٹی،13؍جنوری:۔ کھونٹی ضلع پولیس نے جمواداگ تالاب کے قریب ہونے والے پڑہا راجا سوما منڈا کے قتل کے معاملے کو کامیابی سے حل کر لیا ہے۔ پولیس نے اس قتل میں ملوث سات ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن میں کھونٹی کے رہنے والے باہا منڈا، دیوا پاہن، انیش منڈا، رویا پاہن، رمیشور سنگا عرف رمیش، پنکج کمار شرما عرف پنڈت اور رانچی کے کشور گنج کا رہنے والادیوورت ناتھ شاہدیو شامل ہیں۔کھونٹی پولیس نے منگل کی شام پریس کانفرنس کے ذریعے پورے معاملے کا انکشاف کیا۔ پولیس کے مطابق اس قتل میں ملوث کچھ دیگر ملزمان اب بھی فرار ہیں، جن کی شناخت کر لی گئی ہے اور پولیس ان کی گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ قتل کی بنیادی وجہ زمین کا تنازع بتائی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 7 جنوری 2026 کو کھونٹی تھانہ علاقے کے گرام جمواداگ میں واقع تالاب کے پاس نامعلوم مجرموں نے پڑہا راجہ سوما منڈا کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی تھی۔معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے 8 جنوری 2026 کو کھونٹی تھانے میں کیس نمبر 03/2026 درج کیا گیا۔ پولیس ٹیم نے تکنیکی اور انسانی معلومات کی بنیاد پر فوری کارروائی کی اور چھاپہ ماری کر کے قتل میں ملوث سات افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان نے پوچھ گچھ کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ سوما منڈا کے قتل کے پیچھے اصل وجہ طویل عرصے سے چلا آرہا زمینی تنازع تھا۔ اسی تنازع کی وجہ سے سازش رچ کر ان کا قتل کیا گیا۔
