ہومJharkhandرانچی پولیس اب ہوگی ہائی ٹیک: جرائم پر قابو پانے کے لیے...

رانچی پولیس اب ہوگی ہائی ٹیک: جرائم پر قابو پانے کے لیے نیا مانیٹرنگ سسٹم فعال

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

گشتی گاڑیاں جی پی ایس سے لیس،ڈائل 112 کا رسپانس ٹائم کم کرنے کا ہدف

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،3؍اپریل: دارالحکومت رانچی میں اکثر عام لوگوں کی یہ شکایت رہتی ہے کہ اطلاع دینے کے باوجود پولیس کی ٹیم وقت پر نہیں پہنچتی۔ ایسے میں رانچی پولیس کے ’رسپانس ٹائم‘ کو بہتر بنانے کے لیے رانچی کے سینئرایس پی راکیش رنجن نے پولیس پٹرولنگ اور مانیٹرنگ سسٹم کو مضبوط کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس کے پیچھے واحد مقصد یہ ہے کہ عوامی امداد یا کرائم سین (جائے وقوعہ) پر پولیس کی ٹیم جلد سے جلد پہنچ سکے۔
نئی گاڑیاں GPS سے لیس
رانچی کے سینئرایس پی راکیش رنجن نے بتایا کہ دارالحکومت رانچی میں مائیک اور پی سی آر گاڑیوں کے ٹریکنگ سسٹم کو مکمل طور پر ہائی ٹیک کر دیا گیا ہے۔ تمام مائیک اور پی سی آر گاڑیوں میں جی پی ایس سافٹ ویئر نصب کر کے ان کی مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ہے۔ سینئر ایس پی نے بتایا کہ اب کنٹرول روم سے ہی یہ معلومات ملتی رہیں گی کہ شہر بھر میں کہاں کہاں پی سی آر اور مائیک گاڑیاں گشت کر رہی ہیں۔ گاڑیوں میں لگے جی پی ایس سسٹم سے ان کی نگرانی شروع کی گئی ہے، پہلے اس کا ٹرائل چل رہا تھا لیکن اب یہ مستقل بنیادوں پر شروع ہو گیا ہے۔
مانیٹرنگ کیسے ہو رہی ہے؟
جی پی ایس سسٹم فعال ہونے کے بعد رانچی میں گشتی گاڑیوں کی موجودہ لوکیشن، نقل و حرکت، سمت اور کسی مقام تک پہنچنے میں لگنے والے وقت کی درست معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ایسے میں اب گشتی ٹیمیں کسی بھی قسم کا بہانہ نہیں بنا سکتیں۔ ایس ایس پی نے واضح کیا ہے کہ لاپرواہی برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف اب براہ راست کارروائی ہوگی۔
ریئل ٹائم مانیٹرنگ
واضح رہے کہ پہلے صرف کنٹرول روم کے ذریعے ہی شہر میں گشت کرنے والی گاڑیوں کی مانیٹرنگ کی جاتی تھی لیکن اب اس کا طریقہ کار بدلا جا رہا ہے۔ سینئرافسران اپنے موبائل کے ذریعے بھی گاڑیوں کی لوکیشن جان سکتے ہیں۔ تمام گاڑیوں کی نگرانی براہ راست ‘کمپوزٹ کنٹرول روم‘سے ریئل ٹائم میں کی جا رہی ہے۔ اس سے پولیس افسران کو ہر سرگرمی پر مسلسل نظر رکھنے میں مدد مل رہی ہے۔ یہ تمام کوششیں ہنگامی حالات میں فوری ردعمل کے لیے کی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی جائے وقوعہ پر پولیس فورس جلد پہنچ سکے۔
رانچی پولیس کے پاس سب سے زیادہ گاڑیاں
حکومت جھارکھنڈ کی جانب سے پولیس کو دی گئی 600 سے زائد گاڑیوں میں سے رانچی پولیس کو سب سے زیادہ 88 فور ویلر گاڑیاں الاٹ کی گئی ہیں۔ ان میں سے 25 گاڑیوں کو پی سی آر پٹرولنگ میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ شہر میں پولیس کی مضبوط موجودگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اب تمام حساس اور اہم چوراہوں پر پی سی آر وین نظر آ رہی ہیں جو جی پی ایس سے لیس ہیں اور ان سب کو ‘کوئیک رسپانس ٹیم‘کے طور پر فعال کیا جا رہا ہے۔
ڈائل 112 کا رسپانس ٹائم بہتر ہوگا
دارالحکومت رانچی کو کئی بہتر چار پہیہ گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں، اس کے علاوہ بائک بھی دستیاب کرائی گئی ہیں۔ اب گشتی گاڑیوں کے مانیٹرنگ سسٹم کو بھی درست کر دیا گیا ہے۔ ایسے میں ایمرجنسی سروس ‘ڈائل 112’ کا رسپانس ٹائم بھی بہتر کیا جائے گا۔ ڈائل 112 ایک ایسی ہنگامی خدمت ہے جس کے ذریعے لوگ ہنگامی حالات میں پولیس کی مدد حاصل کرتے ہیں۔ ڈائل 112 کے ذریعے ملنے والی مسلسل مدد کی وجہ سے صرف رانچی میں ہی روزانہ 400 سے زائد کالز کنٹرول روم کو موصول ہوتی ہیں۔ اس وقت ڈائل 112 کا رسپانس ٹائم 12 سے 13 منٹ ہے، جسے ہر حال میں 10 منٹ تک لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.