ہومJharkhandجھارکھنڈ میں دوا سازی کی صنعت کی تیاریاں تیز;

جھارکھنڈ میں دوا سازی کی صنعت کی تیاریاں تیز;

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

7300 ANM-GNM اسامیوں پر جلد بحالی

جھارکھنڈ میں اب بنیں گی دوائیں، باہر سے منگوانے کی مجبوری ہوگی ختم: ڈاکٹر عرفان انصاری

جدید بھارت نیوز سروس 

رانچی،16؍مارچ: جھارکھنڈ میں صحت کے شعبے کو مضبوط کرنے اور نوجوانوں کے لیے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی سمت میں ریاستی حکومت جلد ہی اہم اقدامات کرنے جا رہی ہے۔ وزیر صحت، خوراک کی فراہمی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈاکٹر عرفان انصاری نے اعلان کیا ہے کہ ریاست میں جلد ہی دوا سازی کی صنعت (Medicine Manufacturing Industry) قائم کی جائے گی، جس سے جھارکھنڈ ادویات کی پیداوار کے شعبے میں خود کفیل بن سکے گا اور ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔یہ باتیں انہوں نے نیشنل ہیلتھ مشن (NHM) آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک پروگرام میں کہی، جس کا انعقاد فارمیسی کونسل آف انڈیا، آر کے ڈی ایف یونیورسٹی اور آر کے ڈی ایف فارمیسی کالج کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ پروگرام میں فارمیسی کے طلباء، اساتذہ اور صحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین بڑی تعداد میں موجود تھے۔اپنے خطاب میں وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے کہا کہ ریاست جھارکھنڈ کے قیام کے دو دہائیوں سے زیادہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود آج تک ریاست میں ایک بھی بڑی دوا سازی کی صنعت قائم نہیں ہو سکی ہے، جو ایک تشویشناک صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی پیراسیٹامول جیسی عام دوائیں ریاست میں نہیں بنتیں اور کئی ضروری طبی سامان، جیسے ڈیکسٹروز سلائن، باہر سے منگوانا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب یہ صورتحال بدلنے کا وقت آ گیا ہے اور ریاستی حکومت اس سمت میں ٹھوس پہل کرنے جا رہی ہے۔ دوا سازی کی صنعت کے قیام سے نہ صرف جھارکھنڈ میں دواؤں کی پیداوار ہوگی بلکہ فارمیسی کے طلباء اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ ڈاکٹر انصاری نے بتایا کہ جھارکھنڈ میں فی الحال 123 سے زیادہ فارمیسی کالجز کام کر رہے ہیں اور ہر سال تقریباً 7000 سے زائد طلباء و طالبات فارمیسی کی ڈگری حاصل کر رہے ہیں۔ ایسے میں ان نوجوانوں کو ریاست کے اندر ہی بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔وزیر صحت نے کہا کہ ریاست کی صحت کی خدمات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نیشنل ہیلتھ مشن (NHM) کے تحت بڑے پیمانے پر بھرتیاں کی جائیں گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ریاست میں ANM اور GNM کی 7300 سے زیادہ اسامیوں پر جلد بحالی کا عمل شروع کیا جائے گا، جس سے دیہی اور شہری علاقوں میں صحت کی خدمات کو مزید موثر بنایا جا سکے گا۔ اس کے ساتھ ہی وزیر نے بتایا کہ ریاست میں 750 میڈیکل اسٹورز قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں بڑی تعداد میں فارماسسٹوں کی ضرورت ہوگی۔ اس سے اہل اور تربیت یافتہ نوجوانوں کو براہ راست روزگار کے مواقع ملیں گے اور عام عوام کو سستی اور دستیاب دوائیں فراہم کی جا سکیں گی۔فارمیسی کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عرفان انصاری نے کہا کہ نوجوان ملک اور ریاست کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے طلباء سے گزارش کی کہ وہ لگن اور محنت کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اور اپنے والدین اور ریاست کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک عوامی نمائندے اور خادمِ خلق کے طور پر وہ ہمیشہ طلباء اور نوجوانوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ اپنے خطاب کے آخر میں وزیر صحت نے کہا کہ صحت اور فارمیسی ایک دوسرے کے لازم و ملزوم ہیں اور دونوں کے تعاون سے ہی ایک مستحکم نظامِ صحت کی تعمیر ممکن ہے۔ ریاستی حکومت کا مقصد ان دونوں شعبوں کو مضبوط بنا کر جھارکھنڈ کے نظامِ صحت کو نئی سمت دینا اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کرنا ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.