وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے ہاتھوں ہزاروں نوجوانوں کو تقرری نامے ملنے کی امید
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 31 اکتوبر:۔ بہار سے علیحدگی کے بعد 15 نومبر 2000 کو وجود میں آنے والا صوبہ جھارکھنڈ اس سال اپنی 25ویں سالگرہ منانے جا رہا ہے۔اس موقع کو یادگار بنانے کے لیے ریاستی حکومت نے خصوصی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ یومِ تاسیس کے موقع پر ہفتہ بھر مختلف تقریبات اور عوامی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
مرکزی تقریب رانچی کے مورہابادی میدان میں ہو گی
اہم سرکاری تقریب 15 اور 16 نومبر کو تاریخی مورہابادی میدان میں منعقد ہوگی۔اس دوران ریاستی اور ضلعی سطح پر بھی کئی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔یہ تقریبات ریاست کے قیام کی 25ویں سالگرہ کے ساتھ ساتھ ہیمنت سورین حکومت کے موجودہ دورِ اقتدار کے ایک سال مکمل ہونے کی خوشی میں بھی منائی جائیں گی۔اس موقع پر حکومت کی جانب سے بڑی تعداد میں تقرری نامے تقسیم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
سرکاری و نجی شعبے میں روزگار کے مواقع
نومبر کے مہینے میں جھارکھنڈ کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع فراہم کیے جائیں گے۔محکمۂ محنت و منصوبہ بندی کی جانب سے ضلعی سطح پر روزگار میلے منعقد کیے جائیں گے، جن کے ذریعے نجی شعبے میں ملازمتوں کے مواقع فراہم ہوں گے۔ دوسری جانب، جے پی ایس سی اور جے ایس ایس سی کے تحت منتخب تقریباً 10 ہزار امیدواروں کو سرکاری ملازمتوں کے تقرری نامے دیے جائیں گے۔وزیرِاعلیٰ ہیمنت سورین خود 342 سول سروس افسران اور معاون اساتذہ کو تقرری نامے تقسیم کریں گے۔
محکمۂ محنت کے افسران کی بریفنگ
محکمۂ محنت کے مشترکہ ڈائریکٹر نشیکانت مشرا کے مطابق، یومِ تاسیس سے متعلق تمام کام حکومت کی ہدایت کے مطابق جاری ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ محکمہ سال بھر روزگار میلے اور بھرتی کیمپ منعقد کرتا ہے، مگر اس سال خاص موقع کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ان کے مطابق، اب تک ریاست میں 170 روزگار میلے منعقد کیے جا چکے ہیں، جن کے ذریعے تقریباً 7 ہزار نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔
سرکاری تیاریوں کا سلسلہ جاری
ذرائع کے مطابق، چاندی جوبلی (رَجَت ورش) کے موقع پر یومِ تاسیس کی تقریبات کو شاندار بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ریاستی حکومت کے سینئر افسران مختلف محکموں کے ساتھ مسلسل میٹنگیں کر رہے ہیں تاکہ تمام پروگراموں کو حتمی شکل دی جا سکے۔
