رانچی، 15 جنوری (یو این آئی) جھارکھنڈ کے گملا ضلع میں گملا۔ رانچی مرکزی شاہراہ پر جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے چار بجے بھڑگاؤں کے قریب ایک خوفناک سڑک حادثے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔ گملا کے ایس ڈی پی او سریش پرساد یادو نے حادثے کی تصدیق کی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق تیز رفتار ہائیوا نے پیچھے سے پِک اپ وین کو زور دار ٹکر ماری جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے اور دو افراد شدید زخمی ہیں۔ رانچی کے تاجر تلکُٹ سے لدی پِک اپ گاڑی میں گملا کی طرف جا رہے تھے۔ بھڑگاؤں پہنچتے ہی پیچھے سے بے قابو ہائیوا نے زبردست ٹکر ماری، ٹکر اتنی شدید تھی کہ پِک اپ کے پرخچے اُڑ گئے اور چاروں مسافروں نے تڑپ تڑپ کر دم توڑ دیا۔مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس نے راحت رسانی کا سلسلہ شروع کیا، دو زخمیوں کو ملبے سے نکال کر صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ابتدائی علاج کے بعد انہیں رِمس ریفر کر دیا گیا۔ بھرنو تھانہ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کیا۔ ہائیوا اور پِک اپ دونوں گاڑیاں ضبط کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
