ہومJharkhandٹی پی آئی انگلش اسکول جمشیدپور میں سائنس ایگزیبیشن کا انعقاد

ٹی پی آئی انگلش اسکول جمشیدپور میں سائنس ایگزیبیشن کا انعقاد

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

سائنس ایگزیبیشن کے ذریعے بچوں کے پوشیدہ ٹیلنٹ کو نکھارنے کی کوشش

جمشیدپور ،20؍ دسمبر(راست) جمشیدپور میں ٹی پی آئی انگلش اسکول، گلاب باغ فیز 2 میں سائنس ایگزیبیشن 2025 نہایت کامیابی، نظم و ضبط اور جوش و خروش کے ساتھ منعقد کیا گیا۔ اس سائنسی نمائش میں طلبہ نے اپنی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور سائنسی فہم و شعور کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ نمائش میں مختلف اساتذہ کی نگرانی میں کئی معیاری اور معلوماتی ماڈلز تیار کیے گئے۔ محترمہ مہوش صاحبہ کی رہنمائی میں اینیمل سیل کا تھری ڈی ماڈل، انبیائے کرام کے معجزات، سولر اور لونر ایکلپس جیسے اہم موضوعات پیش کیے گئے۔ محترمہ نوشین صاحبہ کے زیرِ اہتمام پائتھاگورس تھیورم، راکٹ، پارلیامنٹ ہاؤس اور فوٹو سنتھیسس کے ماڈلز بنائے گئے۔ محترمہ سائما صاحبہ کی نگرانی میں ایٹامک اسٹرکچر اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ جبکہ محترمہ امرین صاحبہ کے زیرِ اہتمام رین واٹر ہارویسٹنگ، بیلنس ڈائٹ اور سوشل نیٹ ورک ماڈل پیش کیے گئے خصوصی طور پر حج بیت اللہ کا ایک نہایت خوبصورت، جامع اور معلوماتی ماڈل بھی تیار کیا گیا، جس میں طلبہ نے حج کے تمام ارکان اور اس کے طریقۂ کار کو نہایت آسان اور مؤثر انداز میں سمجھایا، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا اور خوب سراہا۔ اس موقع پر شہر کی معروف تعلیمی، علمی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی، جن میں ماسٹر رضوان (کبیر میموریل اردو ہائی اسکول)، سید عامر اختر ، ماسٹر طاہر حسین ، شاکر عظیم آبادی ، حسن اختر امام ، مولانا فیصل امام ، ببلو نوشاد اور جاوید اختر خان کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ شہر کے متعدد معززین اور دانشورانِ کرام بھی موجود تھے، جنہوں نے بچوں کے پروجیکٹس کو دیکھ کر ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور بڑی محبتوں سے نوازا۔ نمائش کے دوران بعض طلبہ نے مختلف ناموں سے اپنے اپنے فوڈ کارنرز بھی قائم کیے، جہاں انہوں نے اپنی محنت اور لگن سے تیار کردہ کھانے پینے کی اشیا پیش کیں اور آنے والے مہمانوں کی خوش دلی سے ضیافت کی، جسے تمام شرکاء نے بے حد سراہا۔ اس پروگرام کی کوریج کے لیے مختلف نیوز چینلز کے رپورٹرز بھی موجود تھے۔ نیوز رپورٹر کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ادارے کے سربراہ سید سیف الدین اصدق چشتی نے اس سائنس ایگزیبیشن کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ بچوں کے اندر تخلیقی صلاحیتوں کو بیدار کرنا اور ان کے پوشیدہ ٹیلنٹ کو سامنے لانا اس نمائش کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی پی آئی انگلش اسکول کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہاں انگلش میڈیم تعلیم کے ساتھ ساتھ حفظِ قرآن، اسلامیات اور دینیات کی تعلیم کا بھی بہترین اور منظم انتظام موجود ہے۔ انہوں نے بچوں کے سرپرستوں کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ موجودہ دور میں اعلیٰ تعلیم کا حصول ہر فرد کے لیے بے حد ضروری ہے، لیکن تعلیم کا مقصد صرف دولت کا حصول نہیں ہونا چاہیے، بلکہ ایک اچھا، بااخلاق اور ذمہ دار انسان بننا اصل مقصد ہونا چاہیے، جو سماج اور معاشرے کی فلاح و بہبود میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔ آخر میں اس کامیاب اور بامقصد پروگرام پر اساتذۂ کرام، طلبہ و طالبات اور انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا گیا اور دعا کی گئی کہ ادارہ مستقبل میں بھی اسی طرح علم، اخلاق اور کردار سازی کی شمع روشن کرتا رہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version