کہا: انتخابی شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، 22 فروری کو پولنگ پارٹیاں روانہ ہوں گی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 13؍ فروری: میونسپلٹی (عام) انتخابات-2026 کے کامیاب، پرامن اور منظم انعقاد کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے تمام ضروری تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر (میونسپلٹی) و ڈپٹی کمشنر، رانچی منجوناتھ بھجنتری نے مورہابادی فٹ بال اسٹیڈیم میں واقع ڈسپچ سینٹرکا معائنہ کیا اور پولنگ پارٹیوں کی روانگی کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر (میونسپلٹی) و ڈپٹی کمشنر، رانچی منجوناتھ بھجن تری نے پولنگ عملے کے بیٹھنے کے انتظامات، کاؤنٹر وار سامان کی تقسیم، بیلٹ باکسز اور دیگر انتخابی مواد کی محفوظ اسٹوریج، گاڑیوں کا انتظام، سیکورٹی، پینے کا پانی، بیت الخلا اور روشنی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے بیلٹ باکسز کے لاک (سیلنگ اور لاکنگ سسٹم) کی خود جانچ کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر بیلٹ باکس کا لاک سسٹم مکمل طور پر محفوظ اور خرابی سے پاک ہو۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر و ڈپٹی کمشنر منجوناتھ بھجن تری نے ریاستی الیکشن کمیشن کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام تیاریاں بروقت اور معیاری ضوابط کے تحت یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کی شفافیت اور ساکھ سب سے اہم ہے، اس لیے کسی بھی سطح پر لاپرواہی قبول نہیں کی جائے گی۔ 22.02.2026 کو پولنگ پارٹیوں کو مورہابادی میں واقع ڈسپچ سینٹرسے ان کے مقررہ پولنگ اسٹیشنوں کے لیے روانہ کیا جائے گا۔ رانچی میونسپل کارپوریشن اور بنڈو نگر پنچایت کے علاقوں میں پولنگ کے لیے تشکیل دی گئی پارٹیوں کو مرحلہ وار روانہ کیا جائے گا۔ ڈسپچ کے عمل کو منظم بنانے کے لیے کاؤنٹر کے لحاظ سے ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ہر پولنگ پارٹی کو انتخابی مواد کی باقاعدہ جانچ کے بعد منتقلی یقینی بنائی جائے گی۔ سیکٹر آفیسرز، زونل مجسٹریٹس اور متعلقہ سیلز کو آپسی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حساس پولنگ اسٹیشنوں کے لیے خصوصی سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور مناسب پولیس فورس کی تعیناتی یقینی بنائی جائے گی۔ پولنگ عملے کی سہولت کے لیے ہیلپ ڈیسک، کنٹرول روم، میڈیکل ٹیم اور ٹرانسپورٹ کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نوڈل افسران کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر و ڈپٹی کمشنر، رانچی منجوناتھ بھجنتری نے تمام متعلقہ افسران کو غیر جانبدارانہ، شفاف اور پرامن پولنگ مکمل کرانے کے لیے مکمل چوکسی اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے اس عظیم میلے کو کامیاب بنانے کے لیے ضلع انتظامیہ مکمل عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈویلپمنٹ کمشنر سوربھ کمار بھوانیا، ایس پی رورل، ایس پی سٹی، ایس پی ٹریفک، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (لا اینڈ آرڈر)، ڈسٹرکٹ ڈپٹی الیکشن آفیسر و ڈسٹرکٹ پنچایتی راج آفیسر، مختلف ریٹرننگ افسران اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔
