جدید بھارت نیوز سروس
چترا،24؍جولائی :آپ نے ’’گدڑی کے لال نےکر دیا کمال‘‘ کا جملہ تو سنا ہی ہوگا۔ یہ بات چترا ضلع کے سمریا بلاک کے کساری گاؤں کے رہنے والے محمد خورشید نے سچ ثابت کر دی ہے۔ محمد خورشید ایک درزی کاریگر محمد حنیف کے بیٹے ہیں ۔ محمد خورشید نے JPSC سول سروس امتحان میں 78 واں رینک حاصل کرکے ضلع کا نام روشن کیا ہے۔محمد خورشید اصل میں چترا ضلع کے سمریا بلاک کے کساری گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم گاؤں سے ہی مکمل کی۔ اس کے بعد انہوں نے ہزاری باغ کے سینٹ کولمبس کالج سے انٹرمیڈیٹ اور گریجویشن تک تعلیم حاصل کی۔ اس نے ہزاری باغ کے ایک لاج میں کرائے کے کمرے میں رہ کر امتحان کی تیاری کی اور یہ کامیابی حاصل کی۔اپنی کامیابی پر محمد خورشید کا کہنا تھا کہ “میں نے صرف ایک خواب دیکھا تھا اور اسے پورا کرنے کے لیے کبھی بھی حالات کا بہانہ نہیں بنایا”۔ میں مسلسل محنت کرتا رہا۔ اب مجھے کامیابی ملی ہے۔ اس نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ اپنے والدین کو دیا ہے۔ بیٹے کی کامیابی پر اس کے والدین مسرور ہیں اور گاؤں -گھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
