ڈی سی اور ایس پی نے میٹرک و انٹر امتحانی مراکز کا معائنہ کیا
جدید بھارت نیوز سروس
چترا،4؍فروری: سالانہ سیکنڈری امتحان-2026 اور انٹرمیڈیٹ امتحان-2026 کو پرامن، نقل سے پاک اور منظم طریقے سے منعقد کرانے کے مقصد سے ضلع انتظامیہ پوری طرح سرگرم ہے۔ اسی سلسلے میں ضلع ڈپٹی کمشنر کریتی شری اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سمت کمار اگروال نے اسٹیٹ اسپانسرڈ گرلز ہائی اسکول، چترا میں قائم امتحانی مرکز کا معائنہ کیا اور جاری امتحانات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران افسران نے امتحانی مراکز پر دستیاب سہولیات، سیکورٹی انتظامات، نگرانی کے نظام، نقل روکنے کے اقدامات اور امیدواروں کے لیے کیے گئے انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سینٹرسپرنٹنڈنٹ اور امتحانی عملے کو ریاستی سطح سے جاری کردہ ہدایات پر حرف بہ حرف عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی، تاکہ امتحانی عمل کی ساکھ اور شفافیت برقرار رہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے امتحانی مراکز کے ارد گرد سیکورٹی انتظامات اور مجسٹریٹس و فورس کی تعیناتی کا معائنہ کرتے ہوئے ضروری ہدایات دیں۔قابلِ ذکر ہے کہ میٹرک امتحان-2026 کی پہلی شفٹ صبح 45:09 سے دوپہر 00:01 بجے تک 3 سے 17 فروری تک منعقد ہو رہی ہے۔ ضلع میں اس کے لیے کل 38 امتحانی مراکز مقرر کیے گئے ہیں، جہاں 17613 امیدوار شرکت کر رہے ہیں۔ وہیں انٹرمیڈیٹ امتحان-2026 کی دوسری شفٹ دوپہر 00:02 سے شام 15:05 بجے تک 3 سے 23 فروری تک جاری ہے۔ انٹر امتحان کے لیے ضلع میں 28 مراکز بنائے گئے ہیں، جن میں آرٹس کے 8846، سائنس کے 2991 اور کامرس کے 138 امیدواروں سمیت کل 11975 امیدوار امتحان دے رہے ہیں۔معائنے کے دوران ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر امریندر کمار سنہا، سب ڈویژنل آفیسر چترا محمد ظہور عالم، سب ڈویژنل پولیس آفیسر سندیپ سمن، ایمپلائمنٹ آفیسر منو کمار، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر دنیش مشرا سمیت دیگر متعلقہ افسران اور ملازمین موجود تھے۔
