تیاری کیلئے 8 ہفتے اور انتخاب کیلئے 45 دن درکار : ریاستی انتخابی کمیشن
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 24 نومبر:۔ جھارکھنڈ میں طویل عرصے سے ملتوی شہری بلدیاتی انتخابات کے معاملے میں دائر توہین عدالت کی درخواست پر سوموار کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ جج آنندا سین کی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران ریاستی انتخابی کمیشن نے بتایا کہ انتخابی تیاری کے لیے 8 ہفتے درکار ہوں گے اور انتخابات مکمل کرنے میں اضافی 45 دن لگیں گے۔ عدالت نے اگلی سماعت کی تاریخ 30 مارچ 2026 مقرر کر دی ہے۔ درخواست گزار کی طرف سے وکیل ونود سنگھ جبکہ ریاستی حکومت کی طرف سے مہا وکیل نے دلائل پیش کیے۔ انتخابی کمیشن کی طرف سے وکیل سومیت گڑودیا نے اپنے مؤکل کی پوزیشن واضح کی۔ مہا وکیل نے بتایا کہ انتخابات سے متعلق تمام فیصلوں کی کاپیاں ریاستی انتخابی کمیشن کو فراہم کر دی گئی ہیں اور کمیشن نے انتخابات کے انعقاد کے لیے سنجیدہ اقدامات کا یقین دلایا۔ اب ریاستی انتخابی کمیشن کی پوزیشن واضح ہے کہ 30 مارچ 2026 سے پہلے تمام شہری بلدیاتی انتخابات مکمل کر لیے جائیں گے۔ توقع ہے کہ یہ عمل فروری تا مارچ 2026 کے درمیان مکمل کر لیا جائے گا تاکہ شہری اداروں میں نمائندگی کی خلا کو دور کیا جا سکے۔ یاد رہے کہ کہ جون 2020 سے 12 شہری بلدیاتی اداروں میں انتخابات نہیں ہوئے اور 27 اپریل 2023 کے بعد ریاست میں کوئی شہری بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے۔یہ انتخابات 48 اداروں یعنی میونسپل کارپوریشن، میونسپل کونسل اور میونسپل کمیٹی کے لیے ہونے تھے۔ہائی کورٹ نے 4 جنوری 2024 کو ایک حکم جاری کیا تھا کہ تین ہفتوں کے اندر انتخابات یقینی بنائے جائیں، جس کی غیر تعمیل پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
