جے ایم ایم امیدوار فیڈرکشن ہانسدا کی حمایت میں جلسہ عام سے کلپنا سورین کا خطاب
جدید بھارت نیوز سروس
گوہاٹی/رانچی،2؍مارچ: آسام اسمبلی انتخابات میں گوسائیں گاؤں اسمبلی حلقہ سے جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے امیدوار فیڈرکشن ہانسدا کے حق میں منعقدہ انتخابی جلسہ عام سے گانڈے کی ایم ایل اے کلپنا سورین نے خطاب کیا ۔ کلپنا سورین نے کہا کہ آسام کے قبائلیوں کے مفادات کا تحفظ اب جے ایم ایم کرے گی۔ آسام اسمبلی انتخابات کوئی معمولی انتخابات نہیں بلکہ تاریخ رقم کرنے والے انتخابات ہیں۔ یہاں کی عوام تبدیلی کا ذہن بنا چکی ہے۔ کلپنا سورین نے کہا کہ آسام کے چائے کے باغات میں کام کرنے والے مزدوروں کو ان کا حق اور اختیار دلانے کے لیے جے ایم ایم پرعزم ہے اور آنے والے وقت میں بھی پرعزم رہے گی۔ آپ کا ایک ایک ووٹ بہت قیمتی ہے۔ آپ کا ایک ووٹ آسام میں رہنے والی قبائلی برادری کو مضبوطی فراہم کرے گا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ جوبا ماجھی اور ایم ایل اے سومیش چندر سورین نے بھی لوگوں سے جے ایم ایم امیدوار فیڈرکشن ہانسدا کو ووٹ دے کر زیادہ سے زیادہ ووٹوں سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔
