جدید بھارت نیوز سروس
رام گڑھ ، 2؍ اپریل:رام گڑھ میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ ضلع کمیٹی کی قیادت میں جمعرات کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف احتجاجی مارچ نکالاگیا۔ یہ مارچ شام تقریباً چار بجے تھانہ چوک سے شروع ہو کر سبھاش چوک تک پہنچا، جہاں یہ ایک جلسے کی شکل اختیار کر گیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جے ایم ایم لیڈروں اور کارکنوں نے ضلع ہزاری باغ کے وشنو گڑھ میں ایک بچی کے ساتھ پیش آنے والے گھناؤنے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے پھانسی دینے کا مطالبہ کیا۔ جے ایم ایم کارکنوں نے الزام لگایا کہ واقعے کے بعد ریاست بھر کے بی جے پی لیڈر متاثرہ خاندان سے مل کر انصاف دلانے اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے تھے اور ریاستی حکومت پر سوال اٹھا رہے تھے۔ لیکن جیسے ہی معاملے میں ملزم کی شناخت سامنے آئی، بی جے پی کے لیڈر اس مسئلے پر خاموش ہو گئے جب مجرم ان کی اپنی ہی پارٹی کا نکلا۔ جس کی وجہ سے پارٹی اب اسے بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے اسے بی جے پی کا “دوہرا کردار” قرار دیا۔ اس احتجاجی مارچ اور جلسے میں بنود کسکو، چترگپت مہتو، سونا رام مانجھی، مہندر منڈا، گیتا بسواس، بھنو مہتو سمیت جے ایم ایم کے کئی کارکنان اور مقامی لوگ بڑی تعداد میں موجود تھے۔
