ڈی جی پی تداشا مشرا نے سیکورٹی انتظامات کا لیاجائزہ
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ، 17؍ مارچ:پولیس ہیڈ کوارٹر میں واقع آڈیٹوریم میںمنگل کو محترمہ تداشا مشرا، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی)، جھارکھنڈ کی صدارت میں آنے والے تہواروں (عید، سرہل اور رام نوومی) کے موقع پر سیکورٹی اور امن و امان کے پیش نظر ایک جائزہ میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس میٹنگ میں ٹی کنڈاسامی (ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، آپریشنز)، ڈاکٹر مائیکل راج ایس (انسپکٹر جنرل آف پولیس، آپریشنز)، پٹیل میور کنہیا لال (آئی جی، پروویژن)، سنیل بھاسکر (آئی جی، بوکارو رینج)، دیپک پانڈے (ایس پی، اسپیشل برانچ) نے ذاتی طور پر شرکت کی، جبکہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تمام رینج کے آئی جیز، ڈی آئی جیز اور تمام سینئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پیز) و سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پیز) شامل ہوئے۔ میٹنگ میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم پر قابو پانے کے حوالے سے ضلع وار مختلف نکات کا جائزہ لیا گیا۔ تمام اضلاع کے پولیس سربراہان نے آنے والے تہواروں کے پیش نظر فرقہ وارانہ فسادات سے متعلق درج مقدمات، زیر التوا وارنٹوں کی تعمیل، حفاظتی اقدامات، مجسٹریٹس اور فورسز کی تعیناتی، مذہبی مقامات کے آس پاس سی سی ٹی وی کی تنصیب اور ڈرون کے ذریعے فضائی نگرانی کے انتظامات کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ اس کے علاوہ جلوس کے راستوں کی تصدیق، روشنی اور پبلک ایڈریس سسٹم کے انتظامات، مشترکہ کنٹرول روم، ہنگامی طبی سہولیات اور تھانہ سطح پر امن کمیٹیوں کی میٹنگوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ ڈی جی پی جھارکھنڈ نے تمام اضلاع کو ہدایت دی کہ ریاست میں آنے والے تہواروں کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے سماج دشمن عناصر اور شرپسندوں پر نظر رکھی جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے جلوس کے راستوں کی جسمانی تصدیق، مذہبی مقامات کی ڈرون سے نگرانی اور ماضی میں فرقہ وارانہ واقعات کا شکار ہونے والے اضلاع میں خصوصی چوکسی برتنے کی تاکید کی۔ مزید برآں، سوشل میڈیا پر کڑی نظر رکھنے اور کسی بھی افواہ کی فوری تصدیق کر کے ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے خواتین کی حفاظت پر خصوصی توجہ دینے، وی وی آئی پی (VVIP) نقل و حرکت کے دوران موثر سیکورٹی فراہم کرنے، ضلع کنٹرول رومز کو فعال بنانے، ہاٹ اسپاٹ جگہوں کی نشاندہی کرنے اور غیر قانونی منشیات و شراب کے خلاف چھاپہ ماری کرنے کی بھی ہدایت دی۔ ساتھ ہی تمام رینج کے آئی جیز اور ڈی آئی جیز کو حکم دیا گیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں۔
