جدید بھارت نیوز سروس
لوہردگا/رام گڑھ/بوکارو،17؍مارچ: جھارکھنڈ میں بلدیاتی انتخابات کے بعد اب میونسپل کونسلوں اور کارپوریشنوں کو رفتہ رفتہ نئے نمائندے مل رہے ہیں۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں حلف برداری کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، جہاں میونسپل کونسل کے صدور، میئرز اور وارڈ کونسلروں کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا گیا۔لوہردگا میونسپل کونسل کے وائس چیئرمین کے عہدے کے لیے ہونے والے انتخاب میں وہی ہوا جس کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ وارڈ نمبر 12 کے کونسلر عبدالقدیر علی بلا مقابلہ وائس چیئرمین منتخب ہو گئے۔ اس انتخابی میدان میں اپوزیشن کا خیمہ مکمل طور پر ناکام نظر آیا۔
سیاسی جماعتوں پر ذاتی حکمت عملی بھاری رہی
لوہردگا میونسپل کونسل کے انتخاب کا پورا عمل منگل کو مکمل ہو گیا۔ 23 وارڈوں کے کونسلروں نے حلف لیا۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ سیاسی جماعتوں کی سیاست کے مقابلے میں ذاتی حکمت عملی زیادہ موثر ثابت ہوئی۔ سیاسی جماعتوں نے بہت زور لگایا لیکن آخر کار جیت ایک ذاتی حکمت عملی کی ہوئی۔ نو منتخب صدر اور نائب

صدر نے شہر کی ترقی کے لیے اپنی ترجیحات کا بھی اظہار کیا۔
وارڈ 12 کے کونسلر بنے میونسپل کونسل کے وائس چیئرمین
لوہردگا کا یہ انتخاب اس لیے بھی دلچسپ تھا کیونکہ یہاں کئی بڑے ناموں کا وقار داؤ پر تھا۔ خاص طور پر وارڈ نمبر 12 کا نتیجہ سب کی نظروں میں تھا، جہاں سابق وائس چیئرمین رؤف انصاری اور معروف سماجی کارکن حاجی عبدالجبار کے چھوٹے بھائی اور سابق فوجی عبدالقدیر علی کے درمیان مقابلہ تھا۔ عبدالقدیر علی نے بڑے فرق سے جیت حاصل کی تھی، جس کے بعد سے ہی ان کے وائس چیئرمین بننے کے قیاس لگائے جا رہے تھے۔دوسری طرف، بی جے پی کے حمایت یافتہ امیدوار انل اوراؤں کے صدر منتخب ہونے کے بعد نائب صدر کے عہدے پر بھی اسی گروپ کی نظر تھی اور کافی جوڑ توڑ کیا گیا، لیکن عبدالقدیر علی تمام حکمت عملیوں پر بھاری پڑے اور بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ دوسرے فریق کا امیدوار میدان میں اترنے کے لیے تیار تھا لیکن اسے کسی کی حمایت حاصل نہ ہو سکی۔ نو منتخب صدر اور نائب صدر نے پینے کے پانی کی فراہمی اور شہر کو سی سی ٹی وی کیمروں سے لیس کرنے جیسی ترجیحات کا ذکر کیا۔
چاس کی ڈپٹی میئر پوجا، جبکہ پھسرو میں رینو نے ماری بازی
بوکارو میں چاس میونسپل کارپوریشن کے نو منتخب میئر بھولو پاسوان نے عہدے کا حلف لیا۔ ڈپٹی کمشنر اجے ناتھ جھا نے انہیں حلف دلایا۔ میئر نے کہا کہ پانی، بجلی اور صفائی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ ڈپٹی میئر کے انتخاب میں پوجا کماری نے 19 ووٹ حاصل کر کے جیت درج کی، جبکہ ان کے مدمقابل امر سورنکار کو 14 ووٹ ملے۔پھسرو میونسپل کونسل میں وائس چیئرمین کے عہدے کے لیے رینو دیوی نے 14 ووٹ حاصل کر کے اپنی حریف رشمی سنگھ کو ایک ووٹ سے شکست دے دی۔
رام گڑھ میں وارڈ کونسلروں اور صدر کی حلف برداری
رام گڑھ ضلع کلکٹریٹ میں حلف برداری کی تقریب کے ساتھ وائس چیئرمین کا انتخاب بھی عمل میں آیا۔ نائب صدر کے عہدے کے لیے رندھیر کمار گپتا اور پرتیبھا شرن کے درمیان سیدھا مقابلہ تھا۔ کانگریس کی حمایت یافتہ رندھیر کمار گپتا نے 17 ووٹ حاصل کر کے پرتیبھا شرن (15 ووٹ) کو قریبی مقابلے میں شکست دی۔
رکن اسمبلی ممتا دیوی جذباتی ہوگئیں
نتائج کے اعلان کے بعد کانگریس کی رکن اسمبلی ممتا دیوی ڈی سی آفس کے باہر وارڈ کونسلروں کے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھ گئیں اور کافی جذباتی ہو کر رونے لگیں۔ وارڈ کونسلروں نے انہیں سہارا دیا۔ قبل ازیں، ممتا دیوی خود 17 وارڈ کونسلروں کو بس میں لے کر کلکٹریٹ پہنچی تھیں تاکہ کسی بھی قسم کی کراس ووٹنگ سے بچا جا سکے۔پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور ایس پی اجے کمار خود نگرانی کر رہے تھے۔ تمام نو منتخب نمائندوں نے شہر کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
