03 سزا یافتہ قیدی مہاراشٹر سے گرفتار
جدید بھارت نیوز سروس
ہزاریباغ،11؍جنوری: مورخہ 2025.12.31 کو جے پرکاش نارائن سنٹرل جیل، ہزاری باغ سے فرار ہونے والے 03 سزا یافتہ قیدیوں کو ہزاری باغ پولیس نے فوری اور گہری کارروائی کرتے ہوئے ریاست مہاراشٹر کے ضلع شولاپور کے کرمالہ تھانہ علاقے سے باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کو ٹرانزٹ ریمانڈ پر ہزاری باغ لایا گیا ہے۔ مورخہ 2025.12.31 کو صبح تقریباً 7بجے اطلاع ملی کہ رات تقریباً 30:01 بجے جے پرکاش نارائن سنٹرل جیل، ہزاری باغ سے 03 قیدی فرار ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی دستخط کنندہ نے ڈپٹی کمشنر، سب ڈویژنل آفیسر (صدر)، ہزاری باغ، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ہیڈ کوارٹر)، سب ڈویژنل پولیس آفیسر (صدر)، ڈی ایس پی (سی سی آر) اور دیگر سینئر افسران کے ساتھ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔
جانچ کے دوران پایا گیا کہ تینوں سزا یافتہ قیدیوں
- دیوا بھوئیوں عرف دیو کمار بھوئیاں،
- راہل رجوار،
- جتیندر روانی،
نے وارڈ کی کھڑکی کی سلاخیں کاٹ کر اور بیڈ شیٹ کے سہارے نیچے اتر کر اندرونی دیوار پھاند کر بیرونی دیوار کے راستے فرار ہونے کے واقعے کو انجام دیا۔ اس سلسلے میں سنٹرل جیل ہزاری باغ کی درخواست پر لوہسنگھنا تھانہ کیس نمبر 196/2025، مورخہ 2025.12.31 درج کیا گیا۔ تینوں ملزمان بالترتیب 20 سال، 27 سال اور عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے۔واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سب ڈویژنل پولیس آفیسر (صدر)، ہزاری باغ امت آنند (آئی پی ایس) کی قیادت میں 03 خصوصی تحقیقی ٹیموں (SIT) کی تشکیل کی گئی۔ ایک ٹیم تکنیکی شاخ کے تعاون سے کام کر رہی تھی۔ دوسری ٹیم فرار قیدیوں کے راستے کا پتہ لگا رہی تھی۔ تیسری ٹیم مختلف ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کر رہی تھی۔ تفتیش کے دوران یہ حقیقت سامنے آئی کہ فرار ہونے کے بعد ملزمان مختلف مقامات سے ہوتے ہوئے جسیڈیہہ پہنچے، جہاں سے مورخہ 2026.01.04 کو جسیڈیہہ- پونے ایکسپریس ٹرین سے مہاراشٹر گئے۔ مورخہ 6 جنوری کو ضلع شولاپور کے کرمالہ تھانہ علاقہ کے تحت کورٹی میں واقع اینٹ کے بھٹے سے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ ہزاری باغ پولیس نے ماضی میں بھی فرار کے واقعات میں مستعدی دکھاتے ہوئے کم وقت میں ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔
چھاپہ مار ٹیم:
امت آنند (آئی پی ایس)، سب ڈویژنل پولیس آفیسر، صدر، ہزاری باغ۔
پولیس انسپکٹر شاہد رضا، پیلاول سرکل۔
پولیس انسپکٹر ونود کمار، تھانہ انچارج، برہی۔
سب انسپکٹر نشانت کرکیٹا، تھانہ انچارج، لوہسنگھنا۔ تکنیکی شاخ، نکسل شاخ کے افسران اور لوہسنگھنا تھانہ کی مسلح فورس۔
قابل ذکر ہے کہ ماضی میں بھی ہزاری باغ ضلع میں واقع ‘ہولڈنگ فارنرز کیمپ سے 03 بنگلہ دیشی شہری فرار ہو گئے تھے، اس وقت بھی ہزاری باغ پولیس نے پوری مستعدی دکھاتے ہوئے 24 گھنٹے کے اندر تینوں فرار بنگلہ دیشی شہریوں کو گرفتار کیا تھا، جن میں سے 02 بنگلہ دیشی شہریوں کو بنگلہ دیش کی سرحد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ہزاری باغ پولیس ضلع میں جرائم کی روک تھام، فرار ملزمان کی گرفتاری اور مقدمات کے فوری انکشاف کے لیے مسلسل پرعزم ہے۔
