رمضان کی تیاری، بھائی چارہ اور تنظیمی مضبوطی پر زوردیا گیا
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، یکم؍ فروری:اورمانجھی بلاک کے چکلا عیدگاہ احاطے میں اتوار کو جماعتِ اسلامی ہند کے زیرِ اہتمام ضلع سطحی ایک روزہ عظیم الشان اجتماع کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر تنظیم کی مضبوطی، معاشرے میں باہمی بھائی چارے اور آئندہ ماہِ مقدس رمضان کی روحانی اہمیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پروگرام کا آغاز مولانا خالد سیف اللہ فلاحی نے قرآن پاک کی تلاوت، سورہ بقرہ کی آیات سے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن مجید پوری انسانیت کے لیے بہترین رہنمائی کا سرچشمہ ہے اور ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ قرآن کو ترجمہ کے ساتھ پڑھنے کی عادت ڈالے۔ مولانا نے بتایا کہ 18 فروری سے رمضان شروع ہونے کا امکان ہے، اس لیے تمام مسلمانوں کو ابھی سے ذہنی، روحانی اور عملی طور پر اس مقدس مہینے کی تیاری کر لینی چاہیے۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تصور عالم نے کہا کہ اللہ کی راہ میں خرچ کرنا جنت حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے بدلتے ہوئے دور میں موبائل فون جیسے جدید ذرائع کو نیک کاموں، دعوت اور انفاق فی سبیل اللہ کی تشہیر کا مؤثر ذریعہ بنانے پر زور دیا۔مجاہد الاسلام نے گزشتہ تین ماہ کی تنظیمی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا اور مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔ جماعتِ اسلامی ہند کے امیرِ حلقہ چودھری عبید اللہ اور جنرل سکریٹری احمد اللہ فلاحی نے معاشرے میں ہم آہنگی، اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ تنظیم کی توسیع پر زور دیا۔ مقررین نے زکوٰۃ کی وصولی کے مقررہ اہداف (ٹارگٹ) کو پورا کرنے کی ضرورت پر بھی خصوصی زور دیا۔اجتماع کے دوسرے سیشن میں انظار الحسن نے اللہ تعالیٰ سے گناہوں کی معافی مانگنے، توبہ اور استغفار کی فضیلت اور اس کی اہمیت کو واضح کیا۔ اس کے بعد مختلف یونٹوں کے انچارجوں نے اپنی اپنی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ سماجی خدمت کے شعبے میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔اجتماع کے اختتامی اور خطابِ عام سیشن میں مولانا سمیع اللہ فلاحی نے رمضان کے روحانی ماحول، عبادت، تقویٰ، صبر اور قربانی کی اہمیت پر پر اثر خطاب کیا۔ انہوں نے ایک بار پھر زکوٰۃ کی منظم وصولی اور ضرورت مندوں تک اس کی بروقت رسائی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔اس عظیم الشان اجتماع کو کامیاب بنانے میں چکلا یونٹ کے امیرِ مقامی اسرائیل انصاری، مولانا ثناء اللہ انصاری، حافظ مشتاق انصاری، امام الحق، جابر انصاری، صدر حاجی ابوالحسن انصاری، سکریٹری حاجی رجب علی، حاجی سماء الدین، عبدالقیوم انصاری، زین العابدین، عبد القدوس انصاری، مظہر انیس، جمیل اختر، شمی احمد، ریحان انصاری، ربانی انصاری سمیت دیگر مقامی ذمہ داروں اور کارکنوں کا قابلِ ستائش تعاون رہا۔
