طلباء نے سائنسی موضوعات پر مختلف زبانوں میں پیش کیں تقاریر
جدید بھارت نیوز سروس
جمشید پور، 2؍ دسمبر:ملک کی معروف اور منفرد اقامتی درس گاہ دارین اکیڈمی، جمشید پور میں آج ایک سائنس لیب کا باضابطہ افتتاح عمل میں آیا۔ یہ افتتاحی تقریب بانی دارین اکیڈمی، حضور معمار ملت الحاج علامہ مفتی عبدالمالک مصباحی کی سرپرستی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر بطورِ مہمان خصوصی جھارکھنڈ ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ہدایت اللہ خان نے شرکت کی۔ ان کے ساتھ ہی کثیر تعداد میں سائنسی علوم میں مہارت رکھنے والے اساتذہ، دیگر تعلیمی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے کالجز اور اسکولس کے معلمین ومنتطمین، ایس،پی،ڈی ایس، پی جیسے اعلیٰ عہدے داران، مقامی علماے کرام ار معززین شہر نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز اللہ تعالیٰ کے کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد ادارہ ہذا کے ہونہار طلباء نے عقیدت اور محبت سے لبریز نعت پاک کے خوبصورت گلدستے پیش کرکے حاضرین کے دلوں کو منور کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی جھارکھنڈ ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین کی گل پوشی اور چادر پوشی بانی اکیڈمی کے دست مبارک سے ہوئی۔ دیگر تمام اعزازی مہمانوں کی بھی گل پوشی کی گئی۔موقع پر خطاب کرتے ہوئے اقلیتی کمیشن کے چیئرمین نے اپنے تاثرات میں کہاکہ بچہ مسجد کا امام بھی بنے اور وہی ڈاکٹر، پروفیسر، انجینئر، سائنٹسٹ بن کر دین و سنیت کا کام کرے۔ ٹھیک یہی چیزیں ہم دارین اکیڈمی کے بچوں کے اندر دیکھ رہے ہیں۔ ایک عالم یا حافظ کے ساتھ اگر ڈاکٹر یا انجینئر آفیسر ہو تو اس کی بات ہی نرالی ہے۔ انہوں نے آگے کہا کہ آج جس طرح سے ہم دارین اکیڈمی کو دیکھ رہے ہیں یہاں بچوں کو کھرا سونا بنایا جا رہا ہے۔ اس ادارہ کی کامیابی میں جتنا اساتذہ کرام کا ہاتھ ہے اتنا ہی یہاں زیر تعلیم بچوں کا بھی۔ انہوں نے آگے کہا کہ میں اس ادارہ کے بانی کی تعریف کرتا ہوں کہ انہوں نے اس اکیڈمی میں سائنس لیب کا افتتاح کیا، تاکہ بچے دین کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم بھی حاصل کریں اور ملک کو آگے لے جانے میں اپنا تعاون دیں۔ موقع پر ڈی ایس پی محمد اکرم نے اپنی گفتگومیں کہا کہ: جیسا میں دارین اکیڈمی میں دیکھ رہا ہوں، ویسا کہیں نہیں دیکھنے کو ملتا کہ بچے ہر محاذ پر کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ اس سے قبل، بانی دارین اکیڈمی، حضور معمار ملت الحاج علامہ مولانا مفتی عبد المالک مصباحی قبلہ نے سائنسی تحقیق کے متعلق تفصیلی بیان دیا، ابوالقاسم الزہراوی کی خدمات کو اجاگر کیا، اور گاندھی جی کا قول نقل کیا کہ اگر بہتر قائد، سیاسی لیڈر اور فیصل بننا ہے تو حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کو فالو کریں۔ ادارہ کے صدر ماسٹر اتالیق حسین نے ہدیہ تشکر پیش کیا۔ اخیر میں صلاۃ و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور دعائیہ کلمات پر یہ پروقار محفل اختتام پذیر ہوئی۔تقریب میں شرکت کرنے والے علماء و عوام میں مولانا حافظ عبد الواحد، قاری مشتا ق عارف نقشبندی، مولانا ابرار قیصر، قاری محبوب عالم، مولانا غلام مصفطفی فیضی سمیت کئی دیگر معززین کے اسماء۔ جس میں مولانا حافظ وقاری شمیم، و حافظ مزمل و حافظ فرید و حافظ کلیم وغیرہم قابل ذکر ہیں۔
