جدید بھارت نیوز سروس
پلاموں،22؍نومبر: میدنی نگر ٹاؤن تھانہ علاقے کے غوثیہ مدرسہ کے قریب زمین کے تنازع کے دوران دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار شدہ ملزمان کے پاس سے پولیس نے ایک دیسی پستول، ایک دیسی کٹہ اور 9 گولیاں برآمد کی ہیں۔ یہ واقعہ جمعہ کی رات تقریباً 30:10 بجے پیش آیا۔پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان امجد خان، موہت کمار اور تنویر شاہ کو گرفتار کیا ہے۔ واقعہ کے چند ہی گھنٹوں میں پولیس نے تمام ملزمان کو حراست میں لے لیا۔پلاموں ایس پی ریشما رمیشن نے بتایا کہ سونُو خان، امجد خان اور دیگر ملزمان کے درمیان پہاڑی محلے میں زمین کے تنازع پر جھگڑا تھا۔ اسی تنازع کے دوران جمعہ کی دیر رات فائرنگ ہوئی۔ فائرنگ کے بعد تمام ملزمان فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے اور ریلوے اسٹیشن پر ٹرین پکڑ کر بھاگنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ اس کارروائی میں ٹاؤن تھانہ کے انچارج جیو تی لال رجوار، ٹی او پی 1 کے انچارج اندر دیو پاسوان، اے ایس آئی سندپ کمار سمیت متعدد پولیس افسران شامل تھے۔گرفتار ملزم امجد خان کا مجرمانہ پس منظر رہا ہے۔ وہ پہلے بھی جیل جا چکا ہے اور اس وقت ضمانت پر رہا تھا۔ زمین کے تنازع میں شامل دونوں گروپ ایک ہی محلے کے رہائشی ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ میں استعمال ہونے والے تمام ہتھیار دیسی نوعیت کے ہیں اور فائرنگ میں سونُو خان کو ٹارگٹ بنایا گیا تھا۔
