جدید بھارت نیوز سروس
گملا،5؍جنوری: ضلع کے صدر تھانہ علاقہ کے کوٹینگسیرا گاؤں سے 2 جنوری کو لاپتہ ہونے والے 36 سالہ بدھ رام تِرکی کی لاش سیسئی کے مکندا گاؤں کے سونگرا پہاڑ کونا جنگل سے برآمد کر لی گئی ہے۔ سیسئی تھانہ کے سب انسپکٹر ارون کمار سنگھ نے لاش کو قبضے میں لے کر پیر کے روز پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال بھیج دیا اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔مقتول کے بھائی سریش تِرکی نے بتایا کہ اس کے بھائی بدھ رام، بھابھی رانتی دیوی اور ان کا بچہ 2 جنوری کو ایک ساتھ ‘اوجھا بھگت کے پاس جانے کی بات کہہ کر گھر سے نکلے تھے۔ لیکن شام کو صرف بھابھی اور بچہ واپس آئے۔ بھائی کے بارے میں پوچھنے پر رانتی دیوی نے گول مٹول جوابات دیے، جس کے بعد شک ہونے پر اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ گمشدگی کی رپورٹ درج کروانے کے بعد تلاشی کے دوران جنگل سے بدھ رام کی لاش ملی۔پولیس نے مقتول کی اہلیہ اور اس کے مبینہ عاشق سیتارام اراؤں کو حراست میں لے لیا ہے۔ اہلیہ نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کو دھاردار ہتھیار سے قتل کیا۔ مقتول گملا میں ایک نجی ادارے میں سیلس منیجر کے طور پر کام کرتا تھا اور اس کے دو چھوٹے بچے ہیں۔ ڈی پی او سریش پرساد یادو کے مطابق، دو مزید ملزمان اس قتل میں ملوث ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اس لرزہ خیز واقعے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔
