14 سالہ بچے نے محض 6 ماہ میں قرآن پاک کیا حفظ
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،2؍ دسمبر: مدرسہ حسینیہ میں اس وقت خوشی اور روحانیت کا حسین امتزاج دیکھنے میں آیا جب جوڑا تالاب، بریاتو کے رہائشی ڈاکٹر تبریز انجم کے چودہ سالہ بیٹے ہونہار طالبِ علم حسین تبریز نے محض چھ ماہ کے مختصر عرصے میں قرآنِ کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس غیر معمولی کامیابی پر مدرسہ کی جانب سے ایک پُروقار دعائیہ و اعزازی مجلس کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جس میں علماء، والدین، معززینِ علاقہ اور مدرسے کے طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یہ باصلاحیت طالبِ علم قاری احسان صاحب کے زیرِ تربیت رہا، جن کی محنت، توجہ اور قرآنی تعلیم کے تئیں لگن کی بدولت بچے نے نہایت کم وقت میں مکمل قرآن کریم حفظ کرلیا۔ مجلس کے دوران جب اس ننھے حافظِ قرآن نے چند مقامات سے تلاوت پیش کی تو ماحول میں ایک خاص نورانیت اور سکون محسوس کیا گیا۔ دعائیہ تقریب کی صدارت مدرسہ حسینیہ کے مہتمم مولانا محمد نے فرمائی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ: یہ ہمارے مدرسے کے لئے ایک اعزاز ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس چار دیواری میں ایسے ہونہار طلبہ پیدا کیے جو قلیل مدت میں قرآن کریم جیسی عظیم نعمت اپنے سینے میں محفوظ کر لیتے ہیں۔ اس بچے نے نہ صرف اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کیا ہے بلکہ پورے مدرسے کی شان میں اضافہ کیا ہے۔ مولانا محمد صاحب نے آگے کہا کہ زندگی میں تعلیم کی بہت اہمیت ہے۔ تعلیم زندگی بدل دیتی ہے۔ ایسے میں بچوں کو دینی اور عصری تعلیم ہر حال میں دلانی چاہیے۔ انہوں نے آگے کہا کہ قرآن پاک صرف مسلمانوں کیلئے ہی نہیں بلکہ پورے عالم انسان کیلئے ہے۔ اس لیے ہمیں قرآن کے صحیح پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ قرآن شریف ایسی کتاب ہے جو سیدھے راستے کی طرف لوگوں کو بلاتی ہے اور انسانیت کی خدمت کی دعوت دیتی ہے۔ مولانا محمد نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا اور دکھاوے سے باہر نکلیں اور پیغمبر اسلام کے دکھائے ہوئے راستے پر چلیں۔ استادِ محترم قاری احسان صاحب نے اس موقع پر فرماتے ہوئے طالب علم کی محنت کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ بچہ نہایت ذہین، محنتی اور وقت کا پابند ہے۔ اس نے دن رات ایک کرکے قرآن کریم کو یاد کیا۔ ہم اس کی مستقبل میں مزید ترقی اور قرآنی خدمات کے لیے دعاگو ہیں۔
