انسانی جانوں اور ہاتھیوں کے تحفظ کیلئےضلع انتظامیہ کا بڑا فیصلہ، کمیٹی تشکیل
جدید بھارت نیوز سروس
گڑھوا،17؍جنوری: پورا جھارکھنڈ ان دنوں جنگلی ہاتھیوں کے حملوں کا دکھ جھیل رہا ہے، اور ضلع گڑھوا بھی اس سے اچھوتا نہیں ہے۔ گڑھوا سمیت پورے جھارکھنڈ میں اب تک سینکڑوں افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، جبکہ ہاتھیوں کے جھنڈ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ضلع کے مختلف علاقوں میں جنگلی ہاتھیوں کے بڑھتے ہوئے قہر سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل اور جنگلات کے حقوق سے متعلق معاملات کے جائزے کے لیے ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس میٹنگ کے دوران ضلع کے حساس اور متاثرہ علاقوں میں ہاتھی اور انسان کے درمیان تصادم کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اس سلسلے میں جان و مال کے نقصان، فصلوں اور مکانات کو ہونے والے نقصانات اور ان مسائل کے مستقل اور موثر حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ساتھ ہی، ہاتھیوں کی محفوظ نقل و حرکت کے لیے ضروری انتظامات، عوامی بیداری کی مہموں اور فوری امدادی و کنٹرول کے اقدامات پر بھی بحث کی گئی۔ میٹنگ کا بنیادی مقصد جنگلات اور انسانی زندگی کے درمیان توازن قائم کرتے ہوئے عوامی مفاد میں ٹھوس اور عملی فیصلے لینا تھا، تاکہ مستقبل میں ہاتھی-انسان تصادم کے واقعات میں کمی لائی جا سکے۔اس موقع پر ڈی سی نے کہا کہ گڑھوا سمیت ان دنوں پوری ریاست میں جنگلی ہاتھیوں کی نقل و حرکت بڑھ گئی ہے۔ اکثر دیکھا جاتا ہے کہ جنگلی علاقوں میں بجلی کی تاروں کے رابطے میں آنے سے ان کی موت ہو رہی ہے۔ وہیں جنگلی علاقوں میں کئی انسانوں کو بھی جنگلی ہاتھیوں نے ہلاک کیا ہے۔ جس کے پیش نظر ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ڈی سی دنیش یادو نے بتایا کہ اس میٹنگ میں سرکل آفیسر، محکمہ جنگلات اور متعلقہ حکام شامل ہوئے۔ اس میٹنگ کے ذریعے اس نکتے پر زور دیا گیا کہ اکثر بجلی کی ننگی تاروں کی زد میں آنے سے جنگلی ہاتھیوں کی موت ہو جاتی ہے۔ اس کے لیے انجینئر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بجلی کے تاروں کی اونچائی کو یقینی بنائیں، تاکہ ہاتھی ان تاروں کے نیچے سے گزرتے وقت ان کے رابطے میں نہ آ سکیں۔ اس کے ساتھ ہی، ہاتھی گنجن آباد اور رہائشی علاقوں میں داخل ہو جاتے ہیں۔ ایسی صورت میں ان سے بچاؤ یا انہیں دور بھگانے کے لیے متاثرہ علاقوں کے لوگوں میں مرچ پاؤڈر، ٹارچ لائٹ اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں، گڑھوا ڈی سی نے عوام سے بھی ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے۔دوسری جانب، ڈی ایف او (DFO) ایبین بینی ابراہم نے میٹنگ کے حوالے سے بتایا کہ ہاتھی اور انسانی تصادم کے حوالے سے ضلع سطح پر ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں انسانوں اور ہاتھیوں کے درمیان ہونے والے تنازع کے موضوع پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ اس میں حکومت اور محکمہ کی جانب سے کیا کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں، اور دیگر محکموں کے ساتھ مل کر کیا حل نکالے جا سکتے ہیں، اس پر بھی غور کیا گیا۔ ساتھ ہی کرنٹ لگنے سے ہاتھیوں کی اموات کی شرح کو کم کرنے اور بجلی کے تاروں سے ہاتھیوں کو بچانے کے لیے بجلی اور محکمہ جنگلات کیا اقدامات کر سکتے ہیں، اس بات پر زور دیا گیا۔ڈی ایف او نے مزید کہا کہ ہاتھیوں کے تحفظ اور ہاتھیوں سے انسانی زندگی کی حفاظت کے لیے ڈی سی کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کمیٹی کی نگرانی میں جہاں محکمہ بجلی کی جانب سے کام کیا جائے گا، وہیں محکمہ جنگلات کے اہلکار لوگوں میں ہاتھیوں سے بچاؤ اور انہیں دور رکھنے کے لیے ضروری بیداری پھیلائیں گے۔پلاموں کے رکن پارلیمنٹ وشنو دیال رام نے جنگلی ہاتھیوں اور نیل گائے سے پیدا ہونے والے مسائل کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے محکمہ جنگلات کے ذریعے وقت فوقتاً بامعنی کوششیں کی جاتی ہیں۔ جنگلی ہاتھیوں کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کے معاوضے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ معاوضے کی فراہمی موجود ہے جو ضابطے کے تحت دیا جاتا ہے۔ ہاتھیوں کے گاؤں میں داخل ہونے کے حوالے سے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ایسے اقدامات کیے جائیں کہ جنگلوں میں ہاتھیوں کو وافر مقدار میں خوراک اور پانی ملے، تاکہ وہ آبادی کا رخ نہ کریں۔ اگر پھر بھی ہاتھی گاؤں میں آتے ہیں، تو انہیں وہاں سے نکالنے کا انتظام ہونا چاہیے۔ پلاموں کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ یہ پورے ملک کا معاملہ ہے اور ہمارے علاقے میں یہ مسئلہ زیادہ سنگین ہے۔ اس حوالے سے لوک سبھا میں کئی ارکان اور انہوں نے خود آواز اٹھائی ہے، جس پر مرکزی حکومت سنجیدہ ہے۔
