15 لاکھ تک کا مفت علاج اور غذائی تحفظ:
راہل گاندھی نے جھارکھنڈ کے ہیلتھ کارڈ اور پی ڈی ایس ماڈل کو سراہا
جدید بھارت نیوز سروس
نئی دہلی،23؍جنوری: قائد حزب اختلاف اور ملک کے مقبول عوامی لیڈر راہل گاندھی سے آج جھارکھنڈ کے وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری کی ایک خوشگوار اور گرمجوش ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر انہیں جھارکھنڈ کے جامتاڑا آنے کی باضابطہ دعوت دی گئی، جسے انہوں نے بخوشی قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی جامتاڑا آئیں گے، جہاں ایک تاریخی عوامی جلسہ اور کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ملاقات کے دوران جھارکھنڈ کی سیاسی، سماجی اور انتظامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ انہیں وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کی قیادت میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے کاموں سے آگاہ کیا گیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ہیمنت سورین کی قیادت میں جھارکھنڈ ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کر رہا ہے اور حکومت عوامی مسائل پر پوری مضبوطی سے کام کر رہی ہے۔تنظیمی موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عرفان انصاری نے بتایا کہ جھارکھنڈ کے انچارج کے. راجو کی رہنمائی میں تنظیم نچلی سطح پر مضبوط ہو رہی ہے۔ راہل گاندھی نے ریاستی حکومت کے تمام وزراء کے کاموں کی تعریف کی اور کہا کہ تمام وزراء اپنے اپنے محکموں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔اس موقع پر راہول گاندھی نے واضح پیغام دیا کہ بی جے پی کو ہر مسئلے پر حقائق کے ساتھ دو ٹوک جواب دیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام مذاہب کا احترام کرتے ہوئے عوامی نمائندوں کو اپنے اپنے حلقوں کی توقعات اور مسائل کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔میٹنگ کے دوران صحت، خوراک کی فراہمی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق تفصیلی رپورٹ راہل گاندھی کو پیش کی گئی۔ انہوں نے جھارکھنڈ کے نظامِ صحت کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے راجستھان ہیلتھ ماڈل، مزید میڈیکل کالجوں کے قیام اور 15 لاکھ روپے تک کے ہیلتھ کارڈ کے ذریعے مفت علاج کی اسکیم کی تعریف کی۔ وزیر صحت نے بتایا کہ جھارکھنڈ میں 15 لاکھ روپے تک کے مفت علاج کی سہولت پہلے ہی نافذ ہے اور بڑے پیمانے پر میڈیکل کالج کھولے جا رہے ہیں۔محکمہ خوراک پر بحث کے دوران راہول گاندھی نے پی ڈی ایس (PDS) نظام کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہیں بتایا گیا کہ ریاست میں اب 4G ای-پوس (e-POS) مشینیں نافذ کر دی گئی ہیں تاکہ غریبوں کو بروقت اناج کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔آخر میں راہل گاندھی نے ڈاکٹر عرفان انصاری کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ “آپ نوجوان اور توانائی سے بھرپور ہو۔ اسی طرح عوام کے مفاد میں بہتر کام کرتے رہو۔ پارٹی کو تم پر بھروسہ ہے اور تمہارا کام نظر آ رہا ہے۔”ڈاکٹر عرفان انصاری نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی کی دور اندیش سوچ اور محنت ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے اور جھارکھنڈ کے عوام ان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔
